سٹی42: پنجاب کےنگراں وزیر اعلی محسن نقوی نے مصطفی آباد اخوت کالج و یونیورسٹی کا دورہ کیا، کالج و یونیورسٹی میں آئی ٹی سینٹر، مشاہدہ سکول، اکیڈمک بلاک، تدریس کے عمل اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے میں ملک کے تمام صوبوں سے طلباء کی نمائندگی ہے۔ اخوت کا ماڈل فلاحی کاموں کی ایک بہت بڑی مثال ہے۔ اخوت ایک ایسا تعلیمی ادارہ ہے جس میں ضرورت مند طلباء کو تعلیم کیساتھ رہائش بھی مفت فراہم کی جارہی ہے۔ یہ ایک ایسی درسگاہ ہے جہاں چاروں صوبوں سے آنے والے بچے علم کی روشنی سے منور ہو رہے ہیں۔ آپ جتنی خدمت خلق کریں اللہ تعالیٰ اتنا ہی زیادہ آپ کو نوازے گا۔ جو معاشرہ فلاح و بہبود کا کام کرنا سیکھ جاتا ہے وہ ترقی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اخوت کالج و یونیورسٹی کے انتظامات کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ اخوت کالج و یورنیورسٹی نے تمام صوبوں کیلئے کوٹہ مقرر کر رکھا ہے۔ طلباء کو فری تعلیم، رہائش سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ڈاکٹر امجد ثاقب کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے ہر پاکستانی کو پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور مستحق افراد کیلئے مدد کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ میں اخوت کی خدمت کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔