ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر عمیر نیازی کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے انتخابی مہم کے حوالے سے چاروں ہائیکورٹس میں درخواستیں دینے کی ہدایت کی ہے۔
عمیر نیازی نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت ہوئی اور گواہان کے بیانات ریکارڈ کئے گئے۔ دونوں سینئر وکیل موجود نہیں تھے۔ معاون وکیل قمر عنایت راجہ نے درخواست دی کی بیانات ریکارڈ نہ کیے جائیں تاہم درخواست کے باوجود گواہوں کے بیانات قلمبند کئے گئے اس حوالے سے اعتراض بعد میں اٹھایا جائے گا اسی تناظر میں لگتا ہے شاید دوبارہ ٹرائل ہو۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے انتخابی مہم کے حوالے سے چاروں ہائیکورٹس میں درخواستیں دینے کی ہدایت کی ہے۔ الیکشن ہورہا ہے مگر ہمیں کمپئن نہیں کرنے دی جارہی۔ شاید یہ انتخابات سے راہ فرار اختیار کریں گے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا جاوید ہاشمی بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے تحریک چلائیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے تمام امیدوار اتوار کو مہم شروع کریں، جو امیدوار کمپین شروع نہیں کرے گا اسکا ٹکٹ بدل دیا جائے گا۔
عمیر نیازی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا ہے کہ آٹھ فروری کا الیکشن ہر صورت ہونا چاہیے۔ بانی پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ "غلامی نا منظور" ہماری کمپین کا نعرہ ہوگا۔ غریبوں کو سزا ہوگی تو امیر یونہی بچتے رہیں گے، پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو قانون کی حکمرانی کیلئے کام کرسکتی ہے۔