انتقام کی سیاست کو دفن کرنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہوں، بلاول بھٹو

23 Jan, 2024 | 05:45 PM

This browser does not support the video element.

This browser does not support the video element.

سٹی42: پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پرانے حکمران ذاتی انتقام اور تقسیم کی سیاست کررہے ہیں جس کا نقصان ملک اور قوم کو ہورہا ہے۔ میں پرانی سیاست کو دفن کرنے کے لیے الیکشن لڑ رہا ہوں۔  

 چنیوٹ میں بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ  پاکستان جس مشکل میں ہے آپ کو معلوم ہے۔ملک معاشی بحران، مہنگائی بے روزگاری کا شکار ہے۔ پرانے حکمران ذاتی انتقام اور تقسیم کی سیاست کررہے ہیں جس کا نقصان ملک اور قوم کو ہورہا ہے۔ میں پرانی سیاست کو دفن کرنے کے لیے الیکشن لڑ رہا ہوں۔ 

انتقام نہیں لوں گا

بلاول بھٹو نے جلسہ کے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا  کہ آپ نے آمریت اور میاں صاحب کے دونوں ادوار کا سامنا کیا ہے۔ہم نے کبھی انتقام کی سیاست نہیں کی۔ذولفقار علی بھٹو کو پھانسی دی گئی محترمہ نے انتقام نہیں لیا۔ محترمہ کو شہید کیا گیا، صدر زرداری نے انتقام نہیں لیا۔ہمیں اگر اللہ نے موقع دیا تو  اپنےذاتی مسائل میں وقت ضائع کرنے کی بجائے آپ کے کام کریں گے۔ اگر آپ مجھے منتخب کرتے ہیں تو میں کسی سے سیاسی انتقام نہیں لوں گا۔میری حکومت میں بیٹیوں کو گرفتار کرنے کی سیاست نہیں ہوگی ۔  نفرت کی سیاست نے بھائی کو بھائی سے لڑوایا ہے۔نفرت کی سیاست نے ہر ادارے کو لڑوایا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ میں اٹھارہ مہینے وزیر خارجہ رہا ہوں۔ مجھے پتہ ہے پاکستان کے خلاف کیا لاوا پک رہا ہے۔ ہم اگر اکٹھے نہ ہوئے تو ملک کا نقصان ہوگا۔ ہمیں موقع ملا تو  ہم سب کے ساتھ مل کر چلیں گے۔

بلاول کا منشور

 بلاول بھٹو نے کہا کہ میں نے دس نکاتی معاشی معاہدہ خود ہاتھوں سے لکھا ہے۔ میں وہ وعدہ نہیں کرونگا جیسے پرانے سیاست دان کرتے ہیں۔ اگر ہمیں حکومت ملی تو دس نکاتی ایجنڈا پر خود عمل کرواں گا۔ مخالف کے خلاف گالم گلوچ نہ کریں، اپنے منشور پر سیاست کریں۔

پاکستانی عوام کی آمدن دوگنی کرینگے ۔  

ہمارے ایجنڈا کی نقالی

بلاول بھٹو نے کہا کہ اب تمام سیاسی جماعتیں ہمارے ایجنڈا کی نقل کررہی ہیں۔  نقل کے لیے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے جو انکے پاس نہیں ہے۔ مستحق لوگوں کو 300 یونٹ بجلی مفت دینگے ۔  

خواتین کو 30 لاکھ گھروں کی ملکیت دیں گے

بلاول بھٹو نے کہا کہ میں نےسندھ میں سیلاب سےمتاثرہ عوام کو بیس لاکھ نئے گھر بنا کر دے رہے ہیں۔ملک بھر میں خواتین کو گھروں کے مالکانہ حقوق دینگے

ہمیں موقع دیں میں تیس لاکھ گھر بنا کر دوں گا۔کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیں گے۔

اشرافیہ کی پندرہ سو ارب روپیہ سبسڈی کسان کو دوں گا

پچھلی بار پیپلز پارٹی کو حکومت ملا تو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا۔  

اب بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم میں اضافہ کرینگے اور بلا سود قرضے دینگے۔ چھوٹے کسانوں کو بینظیر کسان کارڈ دینگے۔   وفاقی حکومت ایک ہزار پانچ سو ارب اشرافیہ کو سبسڈی دیتی ہے۔  ہم اشرافیہ کی سبسڈی کسانوں کو دلوائیں گے۔  فصلوں کی انشورنس کا منصوبہ شروع کریں گے۔ 

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک میں زرعی انقلاب لائیگی۔  مزدور کارڈ کے زریعے مزدوروں کو حق دلائیں گے۔ 

ماڈرن سکِل سنٹرز

بلاول بھٹو نے اعلان کیا کہ وہ یوتھ کے لیے ماڈرن سکلز کے لیے سنٹر بنائیں گے۔یوتھ کارڈ کے زریعے تعلیم، سکلز اور روزگار دینے کی ذمہ داری لیتے ہیں۔  

ہم آئیں گے روزگار لائیں گے۔ 

چوتھی بار والا چوتھی بار بھی لڑ کر کہے گا مجھے کیوں نکالا

بلاول بھٹو نے کہا کہ میں بہت کم عرصہ سے سیاست میں ہوں۔ ایک شخص چوتھی بار وزیر اعظم بننا چاہتا ہے۔  اس سے پوچھیں اس نے مفت علاج کے لئے کیا کیا۔ ہم نے سندھ میں مفت علاج کے لیے کئی ہسپتال بنا دئیے ۔  

جو  تین بار وزیر اعظم بنا وہ کہتا ہےمجھے چوتھی بار بناو تو کام کروں گا۔   اس نے چوتھی بار بھی انہی سے لڑنا ہے جنہوں نے ان کو بنایا۔  اس نے پھر کہنا ہےمجھے کیوں بلایا، مجھے کیوں نکالا۔  

بلاول بھٹو نے کہا کہ مجھے صرف ایک موقع چاہیے۔  اب نئے چہرے سامنے آنے چاہئیں۔  ان کو صرف اپنی فکر ہے کہ چوتھی بار وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھنا ہے۔ چوتھی بار بنانے والی سازش کو  اپنےووٹ سے ناکام کریں۔   مجھے ان کا پتہ ہے وہ نفرت اور بغض کا مارا ہواہے۔  یہ چوتھی بار وزیراعظم بنا تو پھر انتقام لے گا۔

مقابلہ صرف شیر اور تیر کا ہے ۔  انتقام کی سیاست کو دفن کرنے کے لیے تیر پر ٹھپہ لگائیں۔

مزیدخبریں