نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب بطور ممبر گورننگ بورڈ پی سی بی نامزد، نوٹیفکیشن جاری

23 Jan, 2024 | 01:42 PM

Ansa Awais

سٹی42 :نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی پی سی بی میں مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ مقرر کر دئیے گئے،جس کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔

 تفصیلات کے مطابق پیٹرن اِن چیف پی سی بی نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے  وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کو  بطور ممبر گورننگ بورڈ نامزد کردیا ، جس کا نوٹیفیکشن جاری کردیا گیا ،ذرائع کے مطابق پیٹرن اِن چیف پی سی بی انوار الحق کاکڑ نے ذکا اشرف کی جگہ محسن نقوی کو ممبر گورننگ بورڈ نامزد کیا،جبکہ  وزیر اعظم کے نامزد محسن نقوی اور مصطفیٰ رمدے پر مشتمل دس رکنی بورڈ آف گورنرز چیئرمین پی سی بی کا انتخاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کے لیے شاہ خاور کو الیکشن کمشنر تعینات کیا گیا تھا،شاہ خاور بطور الیکشن کمشنر چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کا جلد شیڈول جاری کریں گے۔نامزد مینجمنٹ کمیٹی سربراہ اور ممبر گورننگ بورڈ محسن نقوی نے ذمہ داریاں ملنے کی تصدیق کر دی ہے، ان کا موقف ہے کہ وہ ملکی کرکٹ درست سمت میں لانے کی کوشش کریں گے۔

 خیال رہے کہ ملک کے عام انتخابات کے بعد محسن نقوی نگران وزیر اعلیٰ نہیں رہیں گے،ذرائع کے مطابق محسن  نقوی پی سی بی کے نامزد چیئرمین ہوں گے جنہیں انتخاب کے ذریعے 3 سال کے لیے سربراہ کرکٹ بنا دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ 19 جنوری کو پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نےبطور چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی اور ممبر بورڈ آف گورنرز کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
 

مزیدخبریں