ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اداروں کی ساکھ کا مسئلہ ہے،عوام کو حقائق اور سچائی کا پتہ چلنا چاہیے، چیف جسٹس

اداروں کی ساکھ کا مسئلہ ہے،عوام کو حقائق اور سچائی کا پتہ چلنا چاہیے، چیف جسٹس
کیپشن: File photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک)سابق جج اسلام آباد ہائی کورٹ شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کے خلاف اپیل پر سپریم کورٹ میں سماعت جاری،لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید اور عرفان رامے کے وکیل خواجہ حارث نے سابق جج اسلام آباد ہائی کورٹ شوکت صدیقی کے الزامات مسترد کر دیئے، چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ بطور قوم ہم نے بہت مشکلات کا سامنا کیا ،عوام کو حقائق اور سچائی کا پتہ چلنا چاہیے،اس کیس میں اداروں کی ساکھ کا مسئلہ ہے،اگر شوکت عزیز صدیقی کے الزامات غلط ہیں تو معاملہ ختم،سچائی کا پتا لگانا ہوگا ،جس پر الزامات ہیں وہ بڑے ادارے کے عہدیدار تھے۔

  سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ سماعت کر رہا ہے،لارجر بینچ میں جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس عرفان سعادت شامل ہیں،چیف جسٹس پاکستان نے وکیل خواجہ حارث سے سوال کیا کہ آپ کس کی نمائندگی کر رہے ہیں؟،وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید اور عرفان رامے کا وکیل ہوں۔

  چیف جسٹس نے وکیل خواجہ حارث سے سوال کیا کہ آپ شوکت صدیقی کے الزامات تسلیم کر رہے ہیں یا مسترد؟،وکیل خواجہ حارث نے جواب دیا کہ ہم تمام الزامات مسترد کر رہے ہیں،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ سابق رجسٹرار سپریم کورٹ نے بھی جواب جمع کرایا ہے۔

  شوکت عزیز صدیقی کے وکیل حامد خان نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید الزامات کی تردید کر رہے ہیں، یہی ہمارا کیس ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کو پہلے انکوائری کروانی چاہیے تھی، انکوائری میں ہمیں لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید پر جرح کا موقع ملتا۔

  چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے سوال کیا کہ کیا انکوائری کی گئی تھی؟،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایاکہ جب شوکت صدیقی نے تقریر تسلیم کر لی تھی تو انکوائری نہیں کی گئی۔

  چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ اٹارنی جنرل کہہ چکے حقائق کی انکوائری نہیں ہوئی، اب بتائیں کیا تجویز کرتے ہیں، کارروائی کیسے چلائیں؟،وکیل حامد خان نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی غیرقانونی قرار دیں،جس پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ اگر شوکت عزیز صدیقی کے الزامات سچے نہیں تو کیا ہو گا؟ شوکت صدیقی جو کہہ رہے ہیں مخالف فریق اسے جھٹلا رہے ہیں، کون سچا ہے کون نہیں یہ پتہ لگانے کے لیے کیا کرنا ہوگا؟انکوائری میں ثابت ہو الزامات درست، مگر لگائے پبلک میں پھر بھی ہٹایا جا سکتا ہے؟ ہمیں مسئلے کا حل بھی ساتھ ساتھ بتائیں۔

  وکیل حامد خان نے کہا کہ سپریم کورٹ سپریم جوڈیشل کونسل کا حکم کالعدم قرار دے، میرے موکل کی تقریر کی انکوائری کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے،چیف جسٹس نے سوال کیا کہ سپریم کورٹ کیسے اور کس قانون کے تحت کمیشن بنانے کا حکم دے؟جس پر وکیل حامد خان نے کہا کہ سپریم کورٹ ماضی میں کمیشن تشکیل دیتی رہی ہے۔

  چیف جسٹس نے کہا کہ انکوائری میں الزامات غلط ثابت ہوتے ہیں تو کیا جج کو ہٹانے کا فیصلہ برقرار رہے گا؟ جن پر الزامات لگایا گیا ہم نے ان کو فریق بنانے کا کہا، سچ کی کھوج کون لگائے گا اب؟ ہم مسئلے کا حل ڈھونڈ رہے ہیں، دوسری طرف سے یہ بات ہوسکتی ہے کہ الزامات کو پرکھا ہی نہیں گیا، کیا ہم معاملہ دوبارہ کونسل کو بھیج دیں؟ دونوں میں سے کوئی سچ نہیں بتا رہا،فیض حمید کے وکیل  خواجہ حارث نے کہا کہ صرف پبلک تقریر کو دیکھا جاسکتا ہے۔

  چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ کی خودمختاری اور جوڈیشل کونسل کا سوال ہے، سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی قانون کے مطابق ہونی چاہیے، کونسل کی کارروائی میں تقاضے پورے نہیں کیے گئے، سپریم کورٹ ان حالات میں کیسے فیصلہ دے سکتی ہے، اٹارنی جنرل سے بھی پوچھ لیتے ہیں۔