(سٹی 42) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی بغیر پروٹوکول ایوان وزیر اعلیٰ پہنچ گئے، اعلیٰ سرکاری افسران نے وزیراعلیٰ کا بھرپور استقبال کیا ، ایوان وزیراعلیٰ نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے عملے سے فرداً فرداً مصافحہ کیا۔
ذرائع کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے اپنے عہدے کاچارج سنبھال لیا، نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی چیف سیکرٹری اور آئی جی سے ملاقات کریں گے،صوبے کی گڈگورننس اور امن عامہ پر وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی جائے گی، نگران وزیراعلیٰ صوبے میں گندم کے اجراءکی پالیسی ودیگر معاملات پر بریفنگ بھی لیں گے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی بغیر پروٹوکول ایوان وزیر اعلیٰ آمد۔#city42 #Lahore #CMPunjab #mohsinnaqvi pic.twitter.com/zs5SwAU6bz
— City42 (@city42) January 23, 2023
وزیراعظم نے نگران وزیر اعلیٰ بننے پر سید محسن رضا نقوی کو مبارک دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا، وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے آئین ، قانون کے مطابق فیصلہ کیا۔
سابق صدر آصف زرداری نے بھی محسن رضا نقوی کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی، سلیمان شہباز نے کہا کہ محسن نقوی اچھے اور اصول پسند انسان ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے سید محسن رضا نقوی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کرنے کے بعد گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے اُن سے حلف لیا، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے نگران وزیراعلیٰ کا قلمدان سنبھالنے پر محسن نقوی کو مبارکباد دی اور اور نئی ذمہ داریوں کے حوالےسے نیک خواہشات کااظہار کیا۔
اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ پنجاب کے انتظامی امور احسن طریقے سے نبھائیں گے۔
سی این این پروڈیوسر سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب تک کا سفر۔۔۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی 1978 میں لاہور میں پیدا ہوئے ان کا آبائی تعلق جھنگ سے ہے سید گھرانے کے اس چشم و چراغ نے اپنی ابتدائی تعلیم کریسنٹ ماڈل سکول سے حاصل کی اور گریجویشن گورنمنٹ کالج لاہور سے کیا، جس کے بعد وہ اعلیٰ تعلیم کیلئے امریکا چلے گئے،امریکہ سے انھوں نے صحافت کی ڈگری حاصل کی جس کے بعد وہ امریکی نیوز چینل سی این این میں انٹرن شپ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
سی این این نے انھیں بطور پرڈیوسر پاکستان کی کوریج کے لیے بھیجا جہاں ترقی پا کر انھوں نے کم عمری میں ہی ’ریجنل ہیڈ ساؤتھ ایشیا‘ بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
یہ دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ ’وار آن ٹیرر‘ کا دور تھا جب 9/11 حملے کے بعد امریکی سمیت غیر ملکی افواج نے افغانستان کا رُخ کیا۔ ان دنوں محسن نقوی سی این این کے لیے رپورٹنگ کر رہے تھے اور اسی دوران انھوں نے اہم شخصیات سے تعلقات بھی بنائے۔
محسن نقوی نے 2009 میں محض 31 برس کی عمر میں سٹی نیوز نیٹ ورک کی بنیاد رکھی اور صحافت کے پیشے میں اپنا سکہ جمایا، بعد میں سٹی نیوز نیٹ ورک نے قومی سطح کی خبروں کے لیے 24 نیوز ڈیجیٹل، فیصل آباد کے لیے سٹی 41، جنوبی پنجاب کے لیے روہی ٹی وی، کراچی کے لیے سٹی 21 اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ’یو کے 44‘ نامی چینلز بنائے، اسی ادارے نے لاہور سے ایک مقامی روزنامے ’ڈیلی سٹی 42‘ کا بھی آغاز کیا۔