نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے اہم اجلاس طلب کرلیا

23 Jan, 2023 | 12:09 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب  سید محسن رضا نقوی نے گندم پالیسی پر اہم اجلاس آج طلب کرلیا۔

پہلا اجلاس طلب 

نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ سید محسن رضا نقوی کے زیرصدارت اجلاس میں گندم پالیسی کا جائزہ لیا جائے گا، چیف سیکرٹری ، آئی جی، سیکرٹری خوراک، ڈائریکٹر فوڈ، کین کمشنر، اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔

سید محسن رضا نقوی نے نگران وزیراعلیٰ کا قلمدان سنبھال لیا

واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے سید محسن رضا نقوی کو  نگران وزیراعلیٰ پنجاب  مقرر کرنے کے بعد گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے اُن سے حلف لیا، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے نگران وزیراعلیٰ کا قلمدان سنبھالنے پر محسن نقوی کو مبارکباد دی اور اور نئی ذمہ داریوں کے حوالےسے نیک خواہشات کااظہار کیا۔

اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ پنجاب کے انتظامی امور احسن طریقے سے نبھائیں گے۔

سی این این پروڈیوسر سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب تک کا سفر۔۔۔

 نگران وزیراعلیٰ  پنجاب سید محسن رضا نقوی 1978 میں لاہور میں پیدا ہوئے ان کا  آبائی تعلق جھنگ سے ہے سید گھرانے کے اس چشم و چراغ نے اپنی ابتدائی تعلیم کریسنٹ ماڈل سکول سے حاصل کی اور گریجویشن گورنمنٹ کالج لاہور  سے کیا، جس کے بعد وہ  اعلیٰ تعلیم کیلئے امریکا چلے گئے،امریکہ سے انھوں نے صحافت کی ڈگری حاصل کی جس کے بعد وہ امریکی نیوز چینل سی این این میں انٹرن شپ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

سی این این نے انھیں بطور پرڈیوسر پاکستان کی کوریج کے لیے بھیجا جہاں ترقی پا کر انھوں نے کم عمری میں ہی ’ریجنل ہیڈ ساؤتھ ایشیا‘ بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

یہ دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ ’وار آن ٹیرر‘ کا دور تھا جب 9/11 حملے کے بعد امریکی سمیت غیر ملکی افواج نے افغانستان کا رُخ کیا۔ ان دنوں محسن نقوی سی این این کے لیے رپورٹنگ کر رہے تھے اور اسی دوران انھوں نے اہم شخصیات سے تعلقات بھی بنائے۔

محسن نقوی نے 2009 میں محض 31 برس کی عمر میں سٹی نیوز نیٹ ورک کی بنیاد رکھی اور صحافت کے پیشے میں اپنا سکہ جمایا، بعد میں سٹی نیوز نیٹ ورک نے قومی سطح کی خبروں کے لیے 24 نیوز ڈیجیٹل، فیصل آباد کے لیے سٹی 41، جنوبی پنجاب کے لیے روہی ٹی وی، کراچی کے لیے سٹی 21 اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ’یو کے 44‘ نامی چینلز بنائے، اسی ادارے نے لاہور سے ایک مقامی روزنامے ’ڈیلی سٹی 42‘ کا بھی آغاز کیا۔

میڈیا چینل کے مالک ہونے کے طور پر ان کی شہرت ایک ایسے شخص کی ہے جو اپنے ساتھ کام کرنے والوں کا خیال رکھتے ہیں اور انھیں بہتر مواقع دینے کی کوشش کرتے ہیں،سید محسن نقوی ایک نجی چینل کے مالک ہونے کے ساتھ ساتھ سیاسی حلقوں میں بھی جانی مانی شخصیت ہیں۔

مزیدخبریں