(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی احتساب بیورو ( نیب) نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں وزیراعظم کے صاحبزادے سلمان شہباز کی گرفتاری مطلوب نہ ہونے کا بیان دے دیا۔
لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں وزیراعظم کے صاحبزادے سلمان شہباز اور داماد ہارون یوسف بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت نیب نے عدالت میں سلمان شہباز کی گرفتاری مطلوب نہ ہونے کا بیان دیا جس کے بعد سلیمان شہباز نے درخواست ضمانت واپس لے لی۔
نیب نے عدالت میں بیان دیا کہ نئے قانون کے تحت سلمان شہباز کے وارنٹ گرفتاری اب نہیں ہیں، اس پر سلمان شہباز کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ وارنٹ گرفتاری انکوائری اسٹیج پر تھا، نئے قانون میں وارنٹ گرفتاری تفتیش کی اسٹیج پر ہی ہو سکتے ہیں۔
نیب وکیل نے کہاکہ اب سلمان شہباز کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے، ہم نے سوالنامہ سلمان شہباز کو دیا تھا لیکن ابھی جواب نہیں دیا اس پر سلمان شہباز کے وکیل نے کہا کہ ہم نے نیب کو جواب جمع کرا دیا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے سلمان شہباز کی درخواست ضمانت واپس لینے پر نمٹا دی جب کہ عدالت نے ہارون یوسف کی حد تک نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے ان کی ضمانت میں 7 فروری تک توسیع کردی۔