ویب ڈیسک : سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان گَمْبِھیر سیاسی، سماجی، اقتصادی اور معاشی عدم استحکام سے گزر رہا ہے، ایسے موقع پر ایک ناپسندیدہ شخص کو صوبے کا نگراں وزیرِ اعلیٰ بنانا عوام کی تضحیک و توہین ہے، جمہوریت کا مذاق ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیخ رشید نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جس شخص کو وزیرِ اعلیٰ پنجاب نامزد کیا ہے وہ الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ 13 جماعتیں جو مرضی کر لیں، عوام کے فیصلے کو روکنا پاکستان کے ساتھ ناانصافی اور زیادتی ہو گی۔
جس الیکشن کا آغاز اپنےپسند کےلوگوں کولگا کرکیاجا رہا ہواس کا انجام اچھا نہیں ہوگاملک میں الیکشن کے عوامی رائے عامہ کوتبدیل کرنےوالےناکام ہوں گےملک جس نازک دور سے گزر رہا ہے وہ یہ تقاضہ کرتا ہےکہ ملک میں صاف اور شفاف الیکشن ہونےچاہیےنگران وزیر اعلی کا یہ فیصلہ قوم کوقبول نہیں ہوگا
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) January 22, 2023
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کو روکنے کے لیے آپ سارے قدم اٹھا رہے ہیں یہ آپ کے گلے پڑے گا۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوام کی فتح ہو گی، آپ نسیت و نابود ہوں گے، تمام ارادے ناکام ہوں گے، عوام آپ کو شکست دیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے محسن نقوی کو پنجاب کا نگراں وزیرِ اعلیٰ مقرر کیا تھا۔محسن نقوی نے پنجاب کے نگراں وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا ہے۔
گورنر ہاؤس لاہور میں محسن نقوی کی حلف برداری کی تقریب ہوئی تھی، گورنر بلیغ الرحمٰن نے نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے عہدے کا حلف لیا تھا۔