بارشیں اور برفباری، ملک کے بیشتر علاقےشدید سردی کی لپیٹ میں

23 Jan, 2023 | 08:27 AM

ویب ڈیسک: ملک بھر میں کہیں بارش، کہیں برفباری اور کہیں یخ بستہ ہوائیں چلنے سے بیشتر علاقے شدید ٹھنڈ کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔

شمالی بلوچستان میں غیرمعمولی سردی سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوگئے اور پائپ لائنوں میں پانی جم گیا۔ توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی اور زیارت کے بالائی مقامات پر درجہ حرارت منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

برفباری کے باعث بند ہونے والی کوئٹہ چمن شاہراہ، کوئٹہ قلعہ سیف اللّٰہ شاہراہ اور بلوچستان کی قومی شاہراہیں کھول دی گئیں، قلعہ عبداللّٰہ، چمن، پشین، زیارت اور قلعہ سیف اللّٰہ کے بالائی علاقوں میں رابطہ سڑکیں اب تک بند ہیں۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران استور میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9، ہنزہ منفی 7، اسکردو منفی 6، قلات منفی 5، کوئٹہ منفی 4، اسلام آباد 3، پشاور 6، لاہور 9 اور کراچی میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ادھر برفباری کے بعد ملکہ کوہ سار مری، آزاد کشمیر کی نیلم ویلی اور سوات کی سیاحتی رونقیں بحال ہوگئی ہیں، سیاحوں کی بڑی تعداد نے ان مقامات کا رخ کرلیا ہے۔مری میں سیاح رات دیر تک سڑکوں پر موسم انجوائے کرتے رہے۔

ملکہ کوہ سار میں صبح کا آغاز بھی برف باری سے ہوا۔دوسری جانب سندھ کا مری کہلائے جانے والے گورکھ ہل اسٹیشن پر بھی ہلکی برف باری ہوئی جہاں درجہ حرارت صفر سے نیچے گرگیا۔

مزیدخبریں