سٹی42: نیا سال نیا ریکارڈ، حکومت نے نئے سال کے پہلے دو ہفتوں کے دوران اخرجات کے لیے اوسطا ہر روز 12 ارب 79 کروڑ روپے کے نئے نوٹ جاری کیے۔ چودہ روز میں اوسط روزانہ بینکوں سے 8 ارب روپے سے زیادہ کا قرضہ بھی لیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق جنوری 2021 کے پہلے چودہ دنوں میں حکومت کی طرف سے مجموعی طور پر 177 ارب 69 کروڑ 90 لاکھ روپے مالیت کے نئے نوٹ جاری کیے گئے جو گزشتہ سال اس عرصے کے مقابلے میں 33.5 فیصد زیادہ ہیں۔
2020 کے پہلے دو ہفتوں کے دوران 133 ارب 13 کروڑ روپے کے نئے نوٹ جاری کیے گئے تھے، نئے نوٹوں کے اجرا کے باعث اس دوران ملک میں زیر گردش نوٹوں کی مجموعی مالیت 177 ارب 76 کروڑ روپے کے اضافے سے 6 ہزار 721 ارب 56 کروڑ 70 لاکھ روپے تک پہنچ گئی جبکہ بجٹ اخراجات پورے کرنے کے لیے دو ہفتوں کے دوران حکومت نے بینکنگ سیکٹر سے مجموعی طور پر 113 ارب 64 کروڑ 40 لاکھ روپے کے نئے قرضے بھی لیے۔
آمدنی کے مقابلے میں اخراجات میں زیادہ اضافے کے باعث نئے سال کے آغاز پر حکومت کی طرف سے اخراجات پورے کرنے کے لیے قرض لینے کی ساتھ ساتھ نوٹ چھاپنے کی رفتار بھی تیز ہو گئی۔