شیخ رشید کا سینٹ انتخابات سے متعلق بڑا دعویٰ

23 Jan, 2021 | 06:44 PM

Malik Sultan Awan

(قذافی بٹ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دعوی کیا ہے کہ سینٹ انتخابات میں پی ٹی آئی کو پنجاب سے ایک نشست زیادہ ملے گی، وزیرداخلہ کہتے ہیں کہ پی ڈی ایم جفا کرے جفا کریں گے، وفا کریں وفا کریں گے اور اگر ستم کرے گی تو ستم کریں گے، لانگ مارچ کے لیے اسلام آباد آئیں پرامن احتجاج ہوگا تو تعاون کریں گے۔
ایوان وزیراعلٰی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے جیسے الیکشن کمیشن کے باہر پر امن احتجاج کیا اگر لامگ مارچ میں اسلام آباد آئے اور ایسا احتجاج کریں گے تو اجازت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ پی ڈی ایم سینٹ الیکشن میں جارہے ہیں  لیکن ہم یہ بھی بتا دیں کہ عمران خان کسی اتحادی کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ساتھ لےکر چلیں گے اور پنجاب سے سینٹ کی ایک نشست ہماری زیادہ ہی ہوگی۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن نے پہلے ہی قوم اور ملک کا وقت بہت ضائع کیا ہے، دینی قوتوں نے جس وقت رائفل اٹھائی ہوئی تھی مولانا فضل الرحمن اس وقت بھی اپنے وزیراعلٰی کے ساتھ جنرل مشرف سے ملتے تھے۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم بتائے کہ اگر اسے براڈ شیٹ کیس میں جسٹس عظمت قبول نہیں تو کیا افتخار چودھری اور جسٹس قیوم چاہیے، اس کیس سے مستقبل میں بہت سے بڑے فیصلے ہونا ہیں۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو اب بالغ اور سمجھدار ہوگئے ہیں ، اسی لیے انہوں نے عدم اعتماد لانے کا باقی جماعتوں کو مشورہ دیا ہے، لائیں یہ ان کا حق ہے۔ تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے حکومت کو دی جانے والی ڈیڈ لائن پر وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ابھی ان کا وقت دور ہے۔ اس کا فیصلہ وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر کریں گی، شہباز شریف کا کیس بہت سنجیدہ ہے۔

مزیدخبریں