جمال الدین جمالی: رشتے سے انکار کرنا حوا کی بیٹی کو مہنگا پڑ گیا، ملزمان لڑکی کو اغواء کرکے مبینہ طور پر چار ماہ تک زیادتی کا نشانہ بناتے رہے، رائیونڈ روڈ کی رہائشی حنا شاہد انصاف کیلئے سیشن عدالت پہنچ گئی۔
رائیونڈ روڈ کی رہائشی حنا بی بی اپنے والد کیساتھ انصاف کیلئے سیشن عدالت پیش ہوئی۔ متاثرہ خاتون نے ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کرنے اور انہیں قرار واقعی سزا دینے کی استدعا کی۔ ایڈیشنل سیشن جج ذوالفقار علی نے ملزم عباس کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔ حنا بی بی کا کہنا تھاکہ ستمبر 2020 میں ملزم عباس، شعیب، عامر اور شاہ میر نے اسے اغواء کرلیا۔
لڑکی کے والد کا کہنا تھا ملزم عباس دو سال سے تنگ کر رہا تھا، زبردستی رشتہ مانگ رہا تھا، انکار پر لڑکی کو اغوا کر لیا۔ حنا بی بی کا کہنا تھا گھر سے بازار گئی ، راستے میں ملزم عباس نے دیگر ملزمان کیساتھ مل کرگن پوائنٹ پر اغواء کرلیا۔ ملزمان نے چار ماہ نامعلوم جگہ پر بند رکھا اور زیادتی کرتے رہے۔ ملزمان کیخلاف تھانہ رائے ونڈ سٹی میں مقدمہ درج ہوا۔
لڑکی کے والد کا کہنا تھا ہمارے ساتھ ظلم ہوا، ہمیں انصاف دلایا جائے۔ ملزمان ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں مقدمہ واپس لینے کیلئے مجبور کیا جا رہا ہے۔