(علی ساہی) سیف سٹیز کے کیمروں کی مددسےٹریفک وارڈن نے74 ای چالان جمع نہ کروانے والا رکشہ پکڑ لیا ۔ مزنگ کےقریب رکشہ کوقبضہ میں لےکرتھانہ لٹن روڈ بندکروادیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب سیف سٹیزاتھارٹی نے''74 ای چالان '' والا نادہندہ رکشہ پکڑوا دیا۔ سیف سٹیز کیمروں کے ذریعے جی او آر2 مزنگ کے قریب ٹریفک وارڈن نے رکشےکوپکڑا لیا۔اتھارٹی کی نشاندہی پر ٹریفک وارڈن نے رکشہ کوتھانہ لٹن روڈ میں بند کروا دیا ہے ۔رکشہ مالک کے ذمہ کل واجب الادا رقم 14 ہزار 800 روپے ہے۔
جرمانے کی رقم ادا کرنے پر رکشے کو چھوڑ دیا جائیگا۔ ای چالان نادہندہ گاڑیوں کےخلاف سیف سٹیزاورٹریفک پولیس کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں۔ ای چالان نادہندہ گاڑی مالکان کوایس ایم ایس کےذریعےآگاہ کیاجارہا ہے۔
واضح رہے کہ ای چالانز کی بھرمار لیکن شہریوں کے کان پر جوں تک نہ رینگی، گزشتہ سال کیے گئے ای چالانز میں 18 لاکھ سے زائد ای چالانز شہریوں کی جانب سے ادا نہ کیے گئے۔ سیف سٹیز اتھارٹی کے ٹریفک پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائیوں کے باوجود بہتری نہ آسکی۔گزشتہ سال 5 ٹریفک قوانین کی خلاف وزیوں پر 37 لاکھ سے زائد ای چالانز کئے گئے۔
18 لاکھ سے زائدای چالانز تاحال شہریوں کی جانب سے ادا نہ کئے گئے جبکہ 19 لاکھ سے زائد شہریوں نے بینکوں میں ای چالانز جمع کروائے۔ سیف سٹی حکام کا کہنا ہے کہ ای چالانز کی آگاہی اور ادائیگی کے لئے ایس ایم ایس سروس 3 ماہ پہلے شروع کی گئی تھی جس کے بعد ایس ایم ایس سروس اور ان لائن پیمنٹ کا سسٹم شروع کرنے کے بعد کافی بہتری آئی ہے۔