(اکمل سومرو) سی پیک کنسورشیم کے تحت یونیورسٹیوں میں چائنیز سٹڈی سنٹرز قائم کرنے کا فیصلہ، ہائیر ایجوکیشن کمیشن چھ یونیورسٹیوں میں چائنیز سٹڈی سنٹرز قائم کرے گا۔
ذرائع کے مطابق ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے پر یونیورسٹیز کنسورشیم کے تحت چائنیز سٹڈی سنٹرز بنانے کا فیصلہ کیا ہے، ایچ ای سی چائنیز سٹڈی سنٹرز کیلئے یونیورسٹیوں کو فنڈنگ بھی فراہم کرے گی، ایچ ای سی کی جانب سے چائنیز سٹڈی سنٹرز قائم کرنے کیلئے یونیورسٹیوں سے پرپوزل طلب کیے گئے ہیں، چائنیز سٹڈی سنٹرز ایچ ای سی کی نگرانی کے تحت قائم کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ چائنیز سٹڈی سنٹرز میں پاکستانی طلبا کو ڈگریاں اور ڈپلومہ کورسز کروائے جائیں گے، ایچ ای سی چائنیز سٹڈی سنٹرز قائم کرنے کیلئے یونیورسٹیوں کا انتخاب کرے گی، چائنیز سٹڈی سنٹرز کیلئے یونیورسٹیوں کی عمارت استعمال کی جائے گی، ایچ ای سی ہیومن ریسورس، لائبریری اور ضروری سامان کی خریداری کیلئے فنڈز مہیا کرے گی۔
دوسری جانب ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے نئی پی ایچ ڈی پالیسی نافذ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے، بی ایس آنرز کے بعد براہ راست پی ایچ ڈی میں داخلے کا قانون نافذ کر دیا گیا، نئی پالیسی سے پہلے سے داخل پی ایچ ڈی سکالرز کو بھی فائدہ ہوگا۔