(علی ساہی)قانون شکنی پر نجی ٹرانسپورٹرز کو گرفت میں لانے کا فیصلہ کیاگیا، نیا ٹرمینل ایکٹ لانے کی تیاری، اڈے سے باہر مسافر بٹھانے پر پابندی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت ٹرانسپورٹرز کو قانون کے دائرے میں لانے کی تیاریاں کررہی ہے۔ شہر میں نجی ٹرانسپورٹرز کی قانون شکنیوں پر قابو پانے کے لیے بس ٹرمینل ایکٹ لایا جائے گا۔ نئے بس ٹرمینل کی حدود کے باہر کسی بھی ٹرانسپورٹر کو مسافر بٹھانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ ٹرمینل ایکٹ کے تحت سرکاری بس اڈے کو ترجیح دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی بس اڈوں کو قانونی گرفت میں لا کر نیا ٹرمینل ایکٹ لاگو کیا جائے گا۔ٹرمینل ایکٹ کے بعد پنجاب حکومت بس ٹرمینل اتھارٹی کا قیام بھی عمل میں لائے گی جبکہ اس سے قبل لاہور بس سٹینڈ کے نام سے دوہزار بارہ میں ترمیمی قانون لایا گیا تھا۔اب ٹرمینل ایکٹ کے تحت شہر میں نئے بس ٹرمینلز کو کنٹرول میں لایا جائے گا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں ٹرمینل ایکٹ کا مجوزہ مسودہ ایوان وزیراعلیٰ سے منظوری کے لیے بھیج گیا ہے۔ کیبنٹ کی منظوری کے بعد پنجاب اسمبلی ارسال کیا جائے گا ۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 2 سے 5 ہزار روپے تک کا اضافہ کردیا ہے،گڈز ٹرانسپورٹرز کہتے ہیں کہ پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوئیں اس لئے ان کے پاس کرائے بڑھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔ گڈز ٹرانسپوٹرز نے سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی میں اضافے کی ذمہ دار حکومت ہے۔