سٹی 42 : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ اورپاکستان کی سیریزسے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہونے کی بہت خوشی ہے، پاکستان کرکٹ اور مداحوں کیلئے یہ انتہائی یادگارلمحات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا کہ کوویڈ 19 کے باوجود ڈومیسٹک میچز کے بعد ہوم سیریز ہونے سے پاکستان کی نیک نامی میں بہت اضافہ ہو گا، اب تک مجموعی طورپر ہم 4,000 کے قریب کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کروا چکے ہیں، جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں بھی کوویڈ کے تمام تقاضے پورے کررہے ہیں۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ تنقید ہوتی رہتی ہے، ٹیم ہارے تو سب کی طرح ہمیں بھی دکھ ہوتا ہے لیکن ہم کرکٹ کی بہتری کیلئے اپنا کام کررہے ہیں جس میں تھوڑا وقت ضرور لگے گا۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائزز کے ساتھ بھی ایشوز ختم ہورہے ہیں جبکہ بورڈ سربراہ کے ساتھ اختیارات کے معاملات پر کوئی ایشو نہیں ہے۔
دوسری جانب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور سابق کپتان سرفراز کی ٹیموں میں کیچ پکڑنے کا مقابلہ ہوا۔کھلاڑیوں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا، اونچے کیچ پکڑنے کے لیے دونوں ٹیموں میں دلچسپ مقابلہ ہوا۔جنوبی افریقا نے 2007 میں لاہور میں ٹیسٹ میچ کھیلا تو بابر اعظم نے باؤنڈری لائن پر بال پکڑا تھا۔اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بابراعظم کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے۔