ملک اشرف: پنجاب بار کونسل کے دو اہم عہدوں کی مدت ختم ہونے میں صرف سات روز باقی رہ گئے، پنجاب بار کونسل کے نئے وائس چئیرمین اور چئیرمین ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخاب کیلئے 30 جنوری کی تاریخ مقررکردی گئی، تاحال امیدواروں کے نام سامنے نہ آسکے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بارکونسل کے نوء منتخب ممبران کا پہلا اجلاس 30 جنوری کو ہوگا، جس میں نئےوائس چئیرمین اور چئیرمین ایگزیکٹو کمیٹی کا انتخاب کیاجائے گا جبکہ وائس چیئرمین اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی جیسے دو اہم عہدوں کیلئے تاحال امیدواروں کے نام سامنے نہیں آ سکے۔
ذرائع کے مطابق دونوں عہدوں کے امیدواروں کا فیصلہ تیس جنوری کو ہی ہوگا،عاصمہ جہانگیر گروپ اور پروفیشنل گروپ اپنے اپنے حمایت یافتہ امیدوارں کا فیصلہ کریں گے، خوش قسمت وائس چیئرمین اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی کی نامزدگی کا فیصلہ بذریعہ قرعہ اندازی ہوگا۔
دونوں عہدوں کے امیدواروں کوکامیابی کیلئے خرچہ کرنا پڑے گا نہ انتخابی مہم کی ضرورت ہوگی، پنجاب بارکونسل کے30 جنوری کو ہونیوالے جنرل ہاؤس اجلاس میں صوبہ بھرکے75 ممبران شرکت کریں گے۔پنجاب بارکونسل کی جانب سےممبران کواجلاس میں شرکت کیلئےمراسلے بھجوادیئے گئے ہیں۔