نشتر پارک (حافظ شہباز علی) جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں انجرڈ شاداب خان کا خلا پر کرنے کیلئے زاہد محمود مضبوط امیدوار کے طورپر سامنے آگئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستانی اسکواڈ میں تبدیلیوں کا امکان ہے، بابر اعظم کی انجری کے سبب نیوزی لینڈ سے ٹی ٹونٹی سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے والے شاداب خان بھی ٹانگ کے پٹھے میں کھنچائو کا شکار ہوگئے تھے، آل رائونڈر جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے باہر ہوچکے ہیں، ان کا خلا پر کرنے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ میں تسلسل کے ساتھ پرفارم کرنے والے زاہد محمود مضبوط امیدوار ہیں، دوسری جانب بخار میں مبتلا ہونے کی وجہ سے اسکواڈ کے ہمراہ نیوزی لینڈ روانگی سے محروم ہونے والے اوپنر فخرزمان کی واپسی ہوگی، ان کی جگہ سنبھالنے والے عبداللہ شفیق انٹرنیشنل کرکٹ کا دبائو برداشت نہیں کرپائے تھے۔
اوپنرز شرجیل خان اور ذیشان ملک، مڈل بیٹسمین صہیب مقصود، وکٹ کیپر بیٹسمین اعظم خان سمیت چند کھلاڑیوں کے نام زیر غور ہیں، وہاب ریاض کی جگہ حسن علی کو شامل کیا جاسکتا ہے، ٹی ٹین لیگ میں شرکت کیلئے جانے والے محمد حفیظ کا 3 فروری کو وطن واپس آکر لاہور میں تربیتی کیمپ کیلئے اسکواڈ کو جوائن کرنا مشکل ہے، آل راؤنڈر کو تاخیر سے شامل ہونے کی اجازت دینے کے حوالے سے صورتحال ابھی واضح نہیں، عدم دستیابی کی صورت میں متبادل ناموں پر غور کیا جائے گا، ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان پہلے ٹیسٹ کے دوران ہی متوقع ہے۔
کرکٹرز کی قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹرکے کوچز کی زیرنگرانی شروع ہوجائے گی، کپتان بابر اعظم سمیت ٹی ٹونٹی کیلئے منتخب چند پلیئرز راولپنڈی میں 4 سے 8 فروری تک شیڈول ٹیسٹ کھیل کر انھیں جوائن کرلیں گے۔