علی رامے: پاکستان ریکوڈک کی تاریخ دوبارہ دہرائے جانے سے بچ گیا، پنجاب حکومت نے دو غیر ملکی کمپنیز کو واجبات کی مدمیں ڈیڑھ ارب روپے جاری کردیئے، چنیوٹ میں لوہا اور تانبا نکالنے والی جرمن اور ترک کمپنیز نے عدم ادائیگی پر عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا۔
غیر ملکی کمپنیز نے پنجاب حکومت کو ڈیڈ لائن دیتے ہوئے تمام واجبات ادا کرنے کا انتباہ کیا تھا، جس پر پنجاب حکومت نے عالمی عدالت انصاف سے بچنے کیلئے جرمن اور ترک کمپنیز کو ایک ارب 50 کروڑ روپے جاری کردیئےہیں، غیر ملکی کمپنیز کو پنجاب حکومت کی جانب سے ڈیڑھ سال سے واجبات کی ادائیگی ہی نہیں کی گئی تھی۔
سابق دورِ حکومت میں چنیوٹ میں لوہے اور تانبے کے ذخائر برآمد ہوئے، جرمنی اور ترکی کی کمپنیز کو ذخائر کے دریافت کا ٹھیکہ دیا گیا ، حکومت چنیوٹ میں ذخائر نکالنے پر 5 ارب روپے خرچ کر چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق چنیوٹ میں فیز ٹو پر کام جاری ہے۔
فنڈز نہ ملنے کے باعث کمپنیز نے انتباہی مراسلہ لکھا تھا۔ حکام کے مطابق پنجاب منرل کمپنی کے اس پراجیکٹ کیلئے غیر ملکی کمپنیز کو رقم جاری ہونے پر پراجیکٹ پر دوبارہ سے کام شروع کردیا جائے گا۔