(زاہد چودھری) چین میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے پرحکومت نے چین کا سفرکرنے والوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی، لاہور سمیت بڑے شہروں کے ٹیچنگ ہسپتالوں کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا۔
کرونا وائرس کے مشکوک مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرزاورعملے کی فلو سے بچاﺅ کی ویکسی نیشن کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا، چین میں کرونا وائرس اور نمونیا کی وبا پھیلنے کے بعد پاکستان حکومت متحرک ہوگئی، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹرہارون جہانگیرکی سربراہی میں ہونےوالے اجلاس میں لاہور سمیت بڑے شہروں کے ٹیچنگ ہسپتالوں کو الرٹ کردیا گیا، مشکوک مریضوں کو علاج فراہم کرنے والے ڈاکٹرز اورعملے کو فلو سے بچاﺅ کی ویکسی نیشن کروانے کی ہدایت کردی گئی، چین کا سفر کرنے والوں کواحتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی جی ہیلتھ کا کہنا ہے کہ تیزبخار، زکام ، کھانسی اورسانس لینے میں دشواری کرونا وائرس کی علامات ہیں۔
ڈی جی ہیلتھ نے بتایا کہ تاحال ملک میں کرونا وائرس کا کوئی مشتبہ مریض نہیں ہے تاہم احتیاطی انتظامات مکمل کئے جارہے ہیں۔
دوسری جانب کرونا وائرس سے بچاؤ کے حوالےسے ملک بھر کی طرح لاہور ائیرپورٹ پر بھی ویکسی نیشن کاؤنٹر قائم کردیا گیا، خصوصی کاؤنٹر پر سول ایوی ایشن اورمحکمہ صحت کا عملہ تعینات کر دیا گیا۔