لاہور ہائیکورٹ کا ن لیگ کے سینئر رہنما کو رہا کرنے کا حکم

23 Jan, 2019 | 02:55 PM

Sughra Afzal

(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے پیراگون سٹی کیس میں گرفتار لیگی رہنما قیصر امین بٹ کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے 10لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض انہیں جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

 تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے سماعت کی۔ نیب پراسیکوٹر نے عدالت کو بتایا کہ قیصر امین بٹ پیراگون سٹی کیس میں وعدہ معاف گواہ بن چکا ہے۔قیصر امین بٹ کی ضمانت منظور ہونے پر نیب کو کوئی اعتراض نہیں۔

 قیصر امین بٹ کے وکیل پیر مسعود چشتی نے موقف اختیار کیاکہ میرے موکل نے وعدہ معاف گواہ بن کر بیان ریکارڈ کروا دیا، چیئرمین نیب نے بھی معافی دیدی ہے، درخواستگزار نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی میں کرپشن کا تمام احوال بیان کر دیا ہے، نیب قانون کے مطابق چیئرمین نیب کی معافی کے بعد درخواستگزار کو رہا کیا جاسکتا ہے۔ درخواستگزار کہیں فرارنہیں ہوگا، ہر قسم کی ضمانت دینے کیلئے تیار ہوں۔

 وکیل صفائی نے دلائل دیتے ہوئے عدالت سے ملزم کو درخواست ضمانت پر جیل سے رہا کرنے کی استدعا کی۔ جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے قیصر امین بٹ کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔

مزیدخبریں