ویب ڈیسک: ٹرانس جینڈر بچوں کے لئے تعلیم و رہائش کی سہولت کا انقلابی اقدام، پاکستان میں ٹرانس جینڈر بچوں کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا سٹیٹ آف دی آرٹ سکول لاہور میں کھل گیا۔
وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے جلوپارک کے قریب ٹرانس جینڈر بچوں کے لئے پہلے سکول ”تحفظ درسگاہ“‘ کا افتتاح کر دیا۔ سکول یو کے کریکلم اینڈ ایکریڈیشن بورڈ نے صرف 18 روز میں بنایا ہے، جہاں ٹرانس جینڈر بچوں کو او اور اے لیول کی تعلیم دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے لئے بنائے خصوصی تحفظ درسگاہ کا دورہ کیا، وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے تحفظ درسگاہ کے کلاس رومز، ہاسٹل، کمروں اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے قلیل مدت میں سکول مکمل کرنے پر یو کے کریکلم اینڈ ایکریڈیشن بورڈ کی ٹیم کی کاکردگی کو سراہا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو تحفظ درسگاہ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، بتایا گیا کہ تحفظ درسگاہ میں ٹرانس جینڈر بچوں کو تعلیم اور ٹیکنیکل ٹریننگ دی جائے گی، تحفظ درسگاہ میں ٹرانس جینڈر بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا ”تحفظ درسگاہ“ کی افتتاحی تقریب سے خطاب؛
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے لئے قائم کئے گئے ”تحفظ درسگاہ“ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحفظ درسگاہ کی بلڈنگ بے شک چھوٹی ہے لیکن اس کا کام بہت بڑا ہے۔ 18روز کے مختصر عرصے میں تحفظ درسگاہ تعمیر کرانے کا کریڈٹ ٹیم کو جاتا ہے۔ سال بھر ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے لئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ٹرانس جینڈرکمیونٹی کیلئے سنٹرز قائم کئے اور روزگارسمیت کئی مواقع فراہم کئے۔ تحفظ درسگاہ کو چلانے والی پوری ٹیم سے کہوں گا کہ اس درسگاہ کو اس مقصد کیلئے وقف کریں جس کے لئے یہ قائم کیا گیا۔ تحفظ درسگاہ کی کامیابی بہت زیادہ فوکس کرنے سے ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے مسائل بہت بڑا ایشو ہے جس پر لوگ بات چیت کرنا بھی پسند نہیں کرتے۔ لوگ ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے مسائل کو گھروں میں زیر بحث نہیں لاتے۔ ٹرانس جنیڈر کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے تحفظ درسگاہ بنانے والی ٹیم نے عملی کام کا مظاہرہ کیا،اللہ تعالی آپ کو اس کی جزا دے گا۔
واضح رہے کہ انسپکٹر جنرل پولیس، سی سی پی او۔ یوکے کریکلم اینڈ ایکریڈیشن بورڈ کے چیئرمین زاہد بھٹی اور ٹرانس جینڈر کمیونٹی بھی اس موقع پر موجود تھی۔