’’ میاں نوازشریف نے سرکاری خرچ پر ڈسپرین بھی استعمال نہیں کی‘‘

23 Feb, 2019 | 07:56 PM

Arslan Sheikh

( علی اکبر ) مسلم لیگ ( ن) کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ شہبازشریف پر لگنے والے تمام الزامات غلط ثابت ہو گئے، وزیراعظم کی آشیرباد سے جھوٹے الزامات لگانے والے وزرا اپنے اوپر چڑھے نوازشریف اور شہبازشریف کے بخار کا علاج کرائیں ورنہ عوام کرلیں گے۔

مسلم لیگ ( ن) کے سیکرٹریٹ میں لیگی رہنما ملک احمد خان نے میڈیا سے گفتگو کی، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزرا کے جھوٹ کی عمارت عدالتی فیصلے کے بعد زمین بوس ہو گئی، مسلم لیگ ( ن) کی برداشت کا مزید امتحان نہ لیا جائے ورنہ بھر پور جواب دیں گے۔

ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، عدالت نے الزامات کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا۔ نواز شریف کے علاج کے معاملے پر وزیراعظم کا بیان حقائق کے منافی ہے، نوازشریف نے سرکاری خرچ پر ڈسپرین بھی استعمال نہیں کی، نوازشریف کی تذلیل کی جارہی ہے۔

ترجمان شہبازشریف عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بیرونی دوروں میں کرپشن کے نام پر ملکی سیاسی قیادت کو بدنام کیا، پنجاب کے عوام کی دن رات خدمت کرنے والوں کو ایک سو 33 دن عقوبت خانے میں رکھا گیا۔ عثمان بزدار صرف تونسہ کے وزیراعلیٰ ہیں۔

لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پنجاب میں حکومت معمولی اکثریت پر قائم ہے یہاں اکثریت رکھنے والی حکومتیں قائم نہیں رہ سکیں، ہم چاہتے ہیں کہ ان کی اصلیت عوام کے سامنے آئے۔

مزیدخبریں