اٹالین سفیر کا اہلیہ کے ہمراہ لاہور میوزیم کا دورہ

23 Feb, 2019 | 06:19 PM

Arslan Sheikh

( راؤ دلشاد ) پاکستان میں تعینات اٹالین سفیر نے اہلیہ کے ہمراہ لاہور میوزیم کا دورہ کیا، ڈائریکٹر میوزیم ثمن رائے نے اٹالین سفیراور ان کی اہلیہ کو تاریخی نوادرات کے پس منظر سے آگاہ کیا، اٹالین سفیر سٹیفینوں پونٹیکورو کا کہنا ہے کہ پاکستان اور اٹلی کو تجارتی، ثقافتی اور تعلیمی میدان میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں اٹالین سفیر سٹیفینوں پونٹیکورو کی اہلیہ لیڈیا پونٹیکورو لاہور میوزیم پہنچے تو بلوچی ثقافتی طائفے نے مہمانوں کا روایتی بلوچی رقص کرکے استقبال کیا۔

اطالوی مہمانوں کو ڈائریکٹر لاہور میوزیم ثمن رائے نے تاریخی نوادرات بارے بریفنگ دی، مہمانوں نے مختلف گیلریز میں مجسمے نوادرات دیکھے اور تصاویر بنوائیں، اٹالین سفیر سٹیفینوں پونٹیکورو نے سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو میں کہا کہ لاہور کی تاریخی حیثیت اس شہر کو دنیا میں منفرد کرتی ہے، لاہور میوزیم کے نوادرات دیکھ کر راحت محسوس ہوئی۔

اطالوی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور اٹلی بہت سے شعبوں میں مل کر کام کررہے ہیں تاہم تجارتی، ثقافتی اور تعلیمی میدان میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دی جاسکتی ہے۔

اس موقع پر کمرشل اینڈ کلچرل آفیسر روبرٹوپڈو، بریگیڈیئر (ر) اکرم خان، کرنل (ر) جاوید گوندل، عالیہ ابراہیم، ڈائریکٹر پی آرعاصم رضوان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں