(قذافی بٹ) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا ہےکہ ادارے جو کچھ کر رہے ہیں حکومت کا اس سے کوئی تعلق نہیں، تمام اداروں کو آئین کی حدود میں رہتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دینے چاہیئں۔
تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں چراغ دین اینڈ سنز کی جانب سے شیلٹرز ہوم منصوبے کے لئے 12 سو کمبل عطیہ دینے کی تقریب ہوئی۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا واضح مؤقف ہے کہ اداروں کے معاملات میں مداخلت نہیں کی جائے گی، سیاستدانوں کو کسی بھی ادارے پرعوام میں جاکر تنقید نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں، اداروں میں اگر خامیاں ہیں تو انہیں درست کیا جاسکتا ہے۔عدالتوں نے ہمارے خلاف بھی فیصلے دیئے۔
گورنر پنجاب نے واضح کیا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتے ہیں۔ پاکستان کی مصالحانہ کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے، بھارت کی طرف سے جارحیت کی گئی تو پاکستان منہ توڑ جواب دے گا۔