(اکمل سومرو) پنجاب ایجوکیشن فاﺅنڈیشن نے پارٹنر سکولوں پر عمارت تبدیل کرنے پر پابندی عائد کر دی، پیف نے واضح کر دیا ہے کہ سکولوں کی جانب سے عمارت تبدیل کرنے کی صورت میں زیر تعلیم بچوں کی فیسوں کی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔
پیف نے سکولز مالکان کو ہدایات جاری کی ہیں کہ عمارتوں کے نئے فٹنس سرٹیفکیٹس بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ سے فوری طور پر حاصل کیے جائیں۔ پیف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایسے تمام سکولز جو کرائے کی عمارتوں میں قائم کیے گئے ہیں ان عمارتوں کے مالکان کے ساتھ تین سالہ کرایہ نامہ بھی جمع کرایا جائے، تین سال سے کم کرایہ نامہ ہونے پر سکول کی رجسٹریشن میں توسیع نہیں ہوگی۔ پارٹنر سکولوں میں پرائمری و مڈل کی کلاسز کو بھی ایک ہی عمارت میں منعقد کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے.
پیف نے واضح کیا ہے کہ الگ عمارتوں میں کلاسز کے انعقاد سے قبل ان عمارتوں کے درج شدہ ایڈریس کی منظوری حاصل کرنا ضروری ہے۔ پیف نے پارٹنر سکولوں کو فوری طور پر مذکورہ دستاویزات جمع کرانے کی ہدایات کی ہیں۔