کومل اسلم:شہراورگردونواح میں موسم سرما کی پہلی بارش سے جہاں سموگ میں کمی کا امکان ہے وہیں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔
لاہور کے علاقوں شاہدرہ ، چوبرجی ، گڑھی شاہو شملہ پہاڑی ، ہربنس پورہ ،لاہور ہائیکورٹ اور گردونواح میں بوندا باندی سے خنکی بڑھ گئی۔اس کے علاوہ قصور، کاہنہ، پاکپتن اور رینالہ خورد میں بھی بوندا باندی ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہرمیں آج بارش کا سلسلہ جاری رہےگا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے، گلگت بلتستان، کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں مطلع جزوی ابر آلو رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔
پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں کڑاکے کی ٹھنڈ پڑ رہی ہے، لہہ میں پارہ منفی 13 تک گر گیا، سکردو منفی 11، گوپس میں منفی 9 ریکارڈ کیا گیا، گلگت، دیر منفی 8، استور منفی 7، قلات، بگروٹ منفی 6، کوئٹہ، زیارت اور چترال میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔