بھارت تیل لے جانے والے بحری جہاز پر بحیرہ عرب میں ڈرون حملہ

23 Dec, 2023 | 08:52 PM

سٹی42: بھارت کی خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے اطلاع دی ہے کہ  بحیرہ عرب میں ریاست گجرات کے ساحل کے نزدیکی علاقہ میں  ایک پراسرار ڈرون حملے کے نتیجے میں بحیرہ عرب میں ایک تجارتی جہاز میں دھماکہ ہوا اور اسے آگ لگ گئی۔ جہاز میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ اس مال بردار شپ کےعملے میں 20 ہندوستانی شامل ہیں اور بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کو دستیاب آخری اطلاعات کے مطابق  ہندوستانی کوسٹ گارڈ کا ایک جہاز تجارتی جہاز کی طرف بڑھ رہا تھا۔ یہ جہاز، جو کہ خام تیل لے کر جا رہا تھا، سعودی عرب کی ایک بندرگاہ سے روانہ ہوا تھا اور اسے غالباً گجرات کے ساحلی شہر ویاول جانا تھا لیکن یہ ساحل سے دو سو کلو میٹر دور ہی حملہ کا نشانہ بن گیا۔ 

دو دیگر اہم بین الاقوامی خبر ایجنسیوں  نے بتایا ہے کہ بھارت کے ساحل پر ایک مال بردار بحری جہاز پر ڈرون حملہ ہوا ہے۔ یہ جہاز خام تیل کی بھاری مقدار لے کے جا رہا تھا۔برطانوی میری ٹائم کمپنی کے مطابق ڈرون حملے کے نتیجے میں  جہاز  میں آگ لگ گئی تھی جو کہ بجھادی گئی ہے۔


اس حملے کا ذمہ دار کون ہے
 بحیرہ عرب میں پہلی مرتبہ کسی بین الاقوامی تجارتی شپ کو ڈرون حملہ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ اب تک کسی ملک یا کسی  گروپ نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ ایک امریکی اہلکار نے بتایا کہ گزشتہ ماہ، بحر ہند میں ایران کے اسلامی انقلابی گارڈ کور کے مشتبہ ڈرون حملے میں اسرائیل کے ایک مال بردار جہاز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس کے بعد  ایک اور جہاز کا انتظام اسرائیل سے منسلک ایک کمپنی کر رہی تھی اسے مبینہ طور پر اس وقت نقصان پہنچا جب  ایک ان مینڈ وہیکل اس کے قریب جا کر پھٹ گئی تھی۔


بحیرہ احمر میں ڈرون حملوں کے بعد بحیرہ عرب؟
اسرائیل اور حماس کی جنگ کے بعد ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی طرف سے بحیرہ احمر میں ڈرون اور میزائل حملوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ یمن کے شمالی حصہ پر کئی برس سے قابض ایران کے اتحادی حوثیوں ن کی مسلح ملیشیا نے کحال ہی میں دھمکیاں دی ہیں کہ وہ حماس کی حمایت میں اسرائیل سے منسلک تجارتی جہاز رانی کو نشانہ بناتے رہیں گے۔ بین الاقوامی نیوز ایجنسیوں  کی رپورٹ کے مطابق، اس نے جہاز بھیجنے والوں کو راستہ بدلنے اور افریقہ کے جنوبی سرے کے ارد گرد طویل راستے اختیار کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

یہ جہاز لائبیریا کا ہے؟

برطانوی میری ٹائم کمپنی کا کہنا ہےکہ بحیرہ عرب میں بھارت کی ریاست گجرات کے ساحل سے کافی دور موجود جس جہاز کو ڈرون حملہ کا نشانہ بنایا گیا ہے اس جہاز کا عملہ محفوظ ہے،پیٹروکیمیکل مصنوعات سے بھرے جہاز   پر افریقی ملک لائبیریا کا جھنڈا لگا تھا۔  جہاز  سعودی عرب سے خام تیل لے کر بھارتی بندرگاہ  جا رہا تھا، 

مزیدخبریں