دسمبر اپنے جوبن پر آگیا، لاہور میں دھند کا راج، موٹروے بند

23 Dec, 2022 | 09:26 AM

(سٹی 42) دسمبر  اپنےجوبن پر آگیا، خشک سردی نے لاہور میں ڈیرے ڈال لیے، حدنگاہ صفر ہونے سے موٹروے کو مختلف مقامات سے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔ 

لاہور میں کڑاکے کی سردی 

گزشتہ چند روز سے لاہور میں خشک سردی اور دھند  نے لاہوریوں کے کڑاکے نکال دیئے، لاہور میں صبح کے وقت دھند اور سموگ نے ہر منظر دھندلا دیا، آلودگی کے اعتبار سے لاہور تیسرے نمبر پر آ گیا، شہر میں آلودگی کی مجموعی شرح 220ریکارڈ کی گئی ،کوٹ لکھپت411، فیز 8 ڈی ایچ اے 378،یو ایس قونصلیٹ 322،فدا حسین223اورسیدمراتب علی روڈمیں آلودگی کی شرح 203 ریکارڈ کی گئی۔ 

موٹروے کہاں کہاں سے بند؟ 

  شدید دھند کے باعث لاہور، ملتان موٹروے ایم 3 کو فیض پور سے درخانہ اور موٹروے ایم 4 کو پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بند کر دیا گیا، ایم 3 اور ایم 4 کے تمام تر انٹرچینج بھی ٹریفک کے لئے بند کر دیئے گئے۔

ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی، موٹروے پولیس کے مطابق شہری سفر شروع کرنےسے پہلے ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں۔

 پروازوں اور ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثر

دھند کے باعث پروازوں اور ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا،  دھند کے پیش نظر فیصل آباد ایئرپورٹ پر فلائٹ شیڈول غیر فعال ہو گیا، ابوظہبی سے فیصل آباد آنے والی پرواز کا رخ لاہور ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا، ایئرپورٹ پر حد نگاہ 500 میٹر تک محدود، بحرین سے فیصل آباد آنے والی پرواز جی ایف 790، فیصل آباد سے ابوظہبی جانے والی پرواز 3 ایل 316 اور فیصل آباد سے بحرین جانے والی پرواز جی ایف 791 بھی دھند کے باعث منسوخ کر دی گئی ہیں ۔

دوسری جانب  ملتان ایئرپورٹ پر  بھی فلائٹ آپریشن معطل ہے،اسلام آباد اور کراچی سے آنے اور جانے والی پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں، بین الاقوامی پروازیں بھی غیرمعمولی تاخیر کا شکار ہیں۔

موسم کیسا رہے گا؟ 

محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہورکا   موسم سرد اور خشک رہے گا، آئندہ چوبیس گھنٹوں میں شہر اور گردونواح میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔  آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت5 اور زیادہ سے زیادہ 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا،  ہوا میں نمی کا تناسب 87 فیصد ہوگا۔

بجلی کی لوڈشیڈنگ 

موسم تبدیل ہوتے ہی پنجاب کے مختلف شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑھا دی گئی ہے۔ملتان، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

رپورٹس کے مطابق دھند سے این ٹی ڈی سی اور ڈسکوز سسٹم متاثر ہونے سے کئی گرڈ اسٹیشن رات بھر بند رہے۔لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی کا شارٹ فال نہیں ہے، دھند سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔

دھند کے باعث ٹریفک حادثہ 

 شدید دھند کے باعث لاہور کے علاقے شیرا کوٹ میں گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کروادی۔

مزیدخبریں