ڈیفنس (زین مدنی ) گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع نے حال ہی میں سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی شادی کی تصاویر کو انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے ان کے ساتھ اپنی مشاہبت کی تو کئی لوگوں نے ان پر تنقید کی۔
میشا شفیع نے بینظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کی شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کے ساتھ اپنی شادی کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔گلوکارہ نے بینظیر بھٹو کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ انہیں سابق وزیر اعظم کی شادی کی تصاویر دیکھ کر احساس ہوا کہ شادی پر وہ بینظیر جیسی لگ رہی تھیں۔ساتھ ہی انہوں نے اپنی شادی کی تصویر بھی شیئر کی، جس میں انہیں بینظیر بھٹو کے لباس جیسے عروسی لباس اور میک اپ میں دیکھا جا سکتا ہے۔
میشا شفیع کے مطابق وہ جب بھی بینظیر بھٹو کی تصاویر دیکھتی ہیں، انہیں اپنی شادی کے دن یاد آجاتے ہیں، کیوں کہ دونوں میں شادی کے موقع پر غیر معمولی مشابہت تھی۔
میشا شفیع کی پوسٹس اور تصاویر پر جہاں کئی لوگوں نے انہیں بینظیر سے مشابہہ قرار دیا، وہیں کئی لوگوں نے ان پر تنقید بھی کی کہ وہ زبردستی خود کو سابق وزیر اعظم جیسا قرار دے رہی ہیں۔ کچھ صارفین نے میشا شفیع کے دعوے پر حیرانگی کا اظہار بھی کیا اور لکھا کہ خدا ایسے جھوٹ بولنے والوں کو معاف کرے۔