اسٹیٹ بینک نےوفاقی ادارہ شماریات کا دعوی غلط ثابت کر دیا

23 Dec, 2020 | 07:45 PM

Raja Sheroz Azhar

سٹی 42 : اسٹیٹ بینک کے اعدادو شمار نے برآمدات میں اضافے کا وفاقی ادارہ شماریات کا دعوی غلط ثابت کر دیا، بینک کے مطابق رواں مالی سال کے دوران ابھی تک برآمدات میں 7 فیصد سے زائد کمی رکارڈ کی گئی، ادارہ شماریات نے برآمدات میں دو فیصد اضافے کی رپورٹ دی تھی۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی طرف سے ملکی برآمدات کے جو اعداد و شمار جاری کیے گئے ان کے مطابق رواں مالی سال پہلے 5 ماہ کے دوران برآمدات کا مجموعی حجم 9 ارب 55 کروڑ 1 لاکھ ڈالر رہا ، جو گزشتہ سال اس عرصے سے 7.2 فیصد کم ہے، جبکہ پاکستان ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق 5 ماہ کی برآمدات کا حجم گزشتہ سال سے 2 فیصد زیادہ 9 ارب 75 کروڑ ڈالر تھا۔
  اسٹیٹ بینک کے مطابق ٹیکسٹائل سمیت تمام بڑے سیکٹرز کی برآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کمی رکارڈ کی گئی، 5 ماہ میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات کا مجموعی حجم 5 ارب 36 کروڑ 91 لاکھ 19 ہزار ڈالر رہا، جو گزشتہ سال سے 5.6 فیصد کم ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کھیلوں کے سامان، قالین، انجنئرنگ کے سامان سمیت مینوفیکچرنگ کی دوسری اشیا کی برآمد میں مجموعی طور پر 3.9 فیصد کی کمی رکارڈ کی گئی، جبکہ پاکستان ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ مینوفیکچرنگ کی دوسری اشیا کی برآمد میں بھی 3.5 فیصد اضافہ ہوا۔

مزیدخبریں