مال روڈ (درنایاب) ٹھوکر نیاز بیگ پر باب لاہور کو اندھیرے میں ڈبونے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار برہم ، پراجیکٹ ڈائریکٹر ایل ڈی اے سے جواب طلب جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر کو معطل کردیا گیا۔
ایوان وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ڈی جی ایل ڈی اے نے ایکشن لیتےہوئے باب لاہور پر ناقص انتظامات پر ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئر نگ شبیر حسین کو معطل کر دیا، شبیر حسین کو فوری طور پر ایڈمنسٹریشن رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے، ڈی جی ایل ڈی اے کے حکم پر پراجیکٹ ڈائریکٹر اقرار قریشی کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا،جس کا ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ایل ڈی اے نواز گوندل نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ باب لاہور لائٹنگ انتظامات ہونے کے باوجود اندھیرے میں ڈوبا رہا جو ایل ڈی اے حکام کی نااہلی کے باعث ہوا، اندھیرے میں ڈوبنے سے منصوبے کی خوبصورتی زائل ہوئی، شوکاز میں پراجیکٹ ڈائریکٹر سے دو روز میں نااہلی اور فرائض میں غفلت برتنے کا جواب مانگ لیا گیا ہے۔
واضح رہےکہ باب لاہور پر پہلے بھی اندھیرے کی شکایات پر نوٹس لیا گیا تھا،حال ہی میں کروڑوں روپے لگا کر منصوبہ مکمل کیا گیا ہے ۔
دوسری جانب میٹروپولیٹن کارپوریشن اور لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے درمیان میونسپل سروسز کی فراہمی کیلئے ایریاز کی حدود پر اتفاق ہو گیا، شہر کی سرکاری ہاؤسنگ سوسائٹیز میں میونسپل سروسز اور 10 شاہراہیں ایل ڈی اے کے سپرد جبکہ 29 شاہراہوں کی بحالی اور تزئین و آرائش میٹروپولیٹن کارپوریشن کرے گی۔