شاہین عتیق: احتساب عدالت نے پیراگون سٹی کیس کی سماعت 6 جنوری جبکہ آشیانہ اوررمضان شوگر ملز کے الگ الگ ریفرنسوں کی سماعت7 جنوری تک ملتوی کردی۔ وکلا کی ہڑتال کی وجہ سے کارروائی نہ ہوسکی، پیراگون سٹی کیس میں وعدہ معاف گواہ قیصرامین بٹ بیماری کی وجہ سے پیش نہ ہوئے۔
احتساب کی دو عدالتوں میں تین ریفرنسوں آشیانہ کیس، رمضان شوگر ملزاورپیرا گون سٹی کیس کے ریفرنس زیرسماعت ہیں۔ عدالت نمبردو میں پولیس نے پیراگون سٹی کیس میں خواجہ سعدرفیق اور سلمان رفیق کوپیش کیا، وعدہ معاف گواہ قیصرامین بٹ کا بیان قلمبند ہونا تھا لیکن وہ بیماری کے باعث پیش نہ ہو سکے۔
عدالت نےقیصر امین بٹ کے پیش نہ ہونے اور وکلا کی ہڑتال کی وجہ سے سماعت 6جنوری تک ملتوی کر دی۔ خواجہ سعدرفیق نے کہا کہ عدلیہ کیخلاف مہم نا قابل قبول ہے۔ احتساب عدالت نمبر5میں رمضان شوگرملزاورآشیانہ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ حمزہ شہباز کو جیل سے لا کر پیش کیا گیا جبکہ شہبازشریف کی حاضری معافی کی درخواست پیش کی گئی۔ آشیانہ کیس میں فوادحسن فواد، احدچیمہ اوردیگرملزمان کی حاضری مکمل کی گئی، لیکن دونوں کیسوں میں بھی وکلا کی ہڑتال کی وجہ سے کارروائی 7جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔
احتساب عدالت کے جج جوادالحسن اورامجد نذیر چودھری نےالگ الگ ریفرنسوں میں آئندہ تاریخ پرگواہوں کو پیشی کیلئے پابند کردیا۔