زاہد چوہدری :نشہ آورادویات وانجکشن فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ۔ نشہ آور اور ممنوعہ ادویات فروخت کرنے پر 5 میڈیکل سٹور سربمہر کردیے گئے ڈرگ ٹیم نے چھاپے مار کر سروسز ،گنگا رام اورمیو ہسپتال کے سامنے متعدد فارمیسیز سیل کردیں
نشہ آور ادویات و انجکشن فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہیں ۔ وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کی ہدایت پر ڈرگ ٹیم کے شہر کے مختلف مقامات پر چھاپے مارے ، نشہ آور اور ممنوعہ ادویات فروخت کرنے پر 5 میڈیکل سٹور سیل کردیے ۔
ڈرگ کنٹرولر ثنا اللہ سیف ، ڈرگ انسپکٹر کمال سکندر ، رمیض احمد نے چیف ڈرگ کنٹرولر اظہر جمال سلیمی کی نگرانی میں نشہ آور ادویات و انجکشنز کی فروخت کے خلاف کارروائی کی ۔ سروسز ہسپتال کے سامنے واقع سروسز فارمیسی اور فضل پلس فارمیسی کو سربمہر کر دیا گیا ۔ گنگا رام ہسپتال کے سامنے واقع اویس پلس فارمیسی اور عثمان میڈیسن اینڈ سرجیکل سنٹر کو سیل کردیا ۔ میو ہسپتال کے سامنے واقع سجاد فارمیسی کو بھی بند کردیا۔۔ پانچوں سیل کیے گئے میڈیکل سٹورز سے نشہ آور اور ممنوعہ ادویات کی بڑی مقدار قبضے میں لے لی گئی ہے ۔