ایف آئی اے امیگریشن کی کارروائیاں، 3 مسافر گرفتار

23 Aug, 2024 | 07:14 PM

میاں محمد اشفاق : ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ائرپورٹ پرکاروائیاں کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات کی بنیاد پر 3 مسافروں کو  گرفتار کرلیا ۔ 

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد رشید ، ذین علی اور محمد ابوبکر  شامل ہیں۔ ملزم محمد رشید کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا، ملزم کے خلاف تھانہ حاجی پورہ میں قتل،  اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا ۔ ملزم محمد ابوبکر فلائٹ نمبر PK 244کے ذریعے سعودی عرب سے پاکستان پہنچا تھا ، امیگریشن پراسیس کے دوران ملزم کا پاسپورٹ ٹمپر شدہ پایا گیا ، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے علی احمد نامی ایجنٹ کے ذریعے بوسنیا جانے کی ڈیل کی ، ملزم نے ایجنٹ کے ساتھ 32 لاکھ میں ڈیل کی ، ملزم نے لاہور سے سعودی عرب عمرہ ویزہ پر سفر کیا ، سعودی عرب میں ایجنٹ نے ملزم کے پاسپورٹ پہ بوسنیا کا جعلی ویزہ چسپاں کیا، ملزم نے مذکورہ ویزے پر بوسنیا جانے کی کوشش مگر ناکام ہو گیا، بعد ازاں پاکستان سفر کے دوران ملزم نے جعلی ویزا اسٹیکر پھاڑ دیا ، ملزم کے موبائل فون سے بوسنیا کا جعلی ویزہ برآمد ہوا ۔ 

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ایک اور کاروائی میں ملزم زین علی کو جعلی ویزے کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا، ملزم زین علی فلائٹ نمبر OV 505  کے ذریعے سعودی عرب سے پاکستان پہنچا، ملزم امیگریشن پراسیس کے دوران مشکوک پایا گیا، جس کے بعد تلاشی کے دوران ملزم سے جعلی پاکستانی پاسپورٹ اور پرتگال کا جعلی وزٹ ویزہ برآمد ہوا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے 35 لاکھ روپے کے عوض ایجنٹ سے اٹلی کا جعلی ویزہ حاصل کیا ، ملزم نے جعلی دستاویزات پر ترکی سے اٹلی جانے کی کوشش کی۔ترک امیگریشن اتھارٹییز نے ملزم سے جعلی دستاویزات قبضے میں لے کر ملزم کو پاکستان واپس بھیج دیا ۔ 

ملزمان کو بعد ازاں مزید قانونی کاروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا، مزید تفتیش جاری ہے.

مزیدخبریں