وقاص عظیم : آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے حکومتی ٹیکس پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا گیا ۔
چیئرمین اپٹما آصف انعام کا کہنا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث ٹیکسٹائل سیکٹر بحران کا شکار ہے ، ایس آر او 350 کے نفاذ سے ٹیکسٹائل فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں۔ ٹیکسٹائل سیکٹر کی بندش سے ملک میں بے روزگاری بڑھے گی۔ ایس آر او 350 کے باعث ٹیکسٹائل انڈسٹری کو شدید نقصان ہو رہا ہے۔ حکومت ظالمانہ ٹیکس پالیسیوں کو ختم کرے ، ٹیکسٹائل سیکٹر کو مزید نقصان سے بچنے کے لیے فوری ترامیم کی جائیں۔ مقامی سپلائی پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ کا خاتمہ پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے خطرہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کے برآمدی مینوفیکچرنگ کے لیے زیرو ریٹنگ کی بحالی کی جائے ، ٹیکس پالیسیوں سے ٹیکسٹائل سیکٹر تباہ ہو رہا ہے، لاکھوں ملازمتیں خطرے کا شکار ہیں۔ سیلز ٹیکس کی چھوٹ کے خاتمے سے ملکی ویلیو ایڈیشن میں کمی ہو رہی ہے۔ 40 فیصدر سپنڈلز ناکارہ ہو چکے ہیں ، حکومت کی ٹیکس اقدامات پاکستان میں صنعتی زوال کو تیز کر رہے ہیں ۔ ای ایف ایس کے تحت زیرو ریٹنگ کی بحالی کی جائے ۔