کارساز ٹریفک حادثہ: جاں بحق طالبہ آمنہ کی فیس بک کے گروپ پر کی گئی پوسٹ وائرل

23 Aug, 2024 | 01:45 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: کارساز پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والی طالبہ آمنہ عارف کی فیس بُک کے گروپ پر کی گئی پوسٹ وائرل ہوگئی۔

چند روز قبل نتاشا نامی خاتون کی جانب سے روڈ پر پہلے ایک سفید رنگ کی گاڑی کو ٹکر ماری گئی جس کے بعد ملزمہ نے موٹرسائیکل سوار باپ بیٹی کو کچل دیا، مذکورہ واقعے کا مقدمہ تھانہ بہادر آباد میں متوفی کے بھائی اور متوفیہ لڑکی کے چچا کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

اب کراچی کی نجی یونیورسٹی کی لائق طالبہ آمنہ عارف کی خواتین کے معروف و مقبول فیس بک گروپ 'سول سسٹرز' پر کی گئی پوسٹ زیر گردش ہے جسے سول سسٹرز کی بانی کنول احمد نے انسٹاگرام پر شیئر کیا ہے۔

سول سسٹرز میں کی گئی پوسٹ میں آمنہ نے اپنی والدہ کی جانب سے ملنے والی سپورٹ کے حوالے سے بات کی تھی۔


 پوسٹ میں آمنہ نے لکھا تھا 'میری زندگی کے مشکل ترین ایام میں جب سب نے میرا ساتھ چھوڑ دیا تب ایک شخص جو میرے ساتھ کھڑا تھا وہ میری ماں تھیں، انہوں نے جو ہمارے لیے قربانیاں دیں وہ قابلِ تعریف ہیں'۔

 اس پوسٹ میں آمنہ عارف نے اپنی زندگی کے تلخ دنوں کو یاد کیا اور لکھا تھا کہ 'میری والدہ نے اپنے خواب چھوڑ کر گھر سے کپڑے فروخت کیے تاکہ ہمیں اچھی تعلیم دے سکیں'۔متوفیہ نے پوسٹ میں والدہ کی قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا تھا۔

کنول احمد نے پوسٹ شیئر کی اور کیپشن میں لکھا ' آمنہ نے گزشتہ سال سول سسٹرز پاکستان پر اپنی والدہ کے لیے ایک خصوصی پوسٹ لگائی تھی جس میں وہ اپنی والدہ کی اَن کہی کہانی دنیا کو سنارہی تھیں، آج ہم سب آمنہ کی کہانی جان رہے ہیں، ایسی کہانی جوکہ سنانے کے لائق ہے، محنت کی کہانی، آگے بڑھنے کے جذبے کی کہانی، کچھ کر دکھانے کی کہانی لیکن وہ سب خواب روند دیے گئے جو جینے کے مستحق تھے، کچلنے کے نہیں'۔

انسٹاگرام پوسٹ کے اختتام پر کنول احمد نے لکھا ‘ آمنہ کی کہانی کو اس طرح ختم نہیں ہونا چاہیے تھا، دعا کرتی ہوں کہ آمنہ اور اس کے والد کو ہمیشہ جنت میں اعلیٰ مقام اور دنیا اور آخرت میں انصاف ملے‘۔ 

مزیدخبریں