شہزاد خان : گراں فروش بے لگام، بنیادی اشیائے ضروریہ کی مہنگے داموں فروخت جاری۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور اسسٹنٹ کمشنرز سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کرانے میں ناکام ہوگئے۔
صوبائی دارالحکومت میں اشیائے ضروریہ کی مہنگے داموں فروخت کو روکا نہ جاسکا۔اوپن مارکیٹ میں تمام دالیں سرکاری ریٹ لسٹ سے 15 سے 35 روپے تک مہنگی فروخت ہونے لگیں۔دال چنا 15،دال ماش 30 ،دال مونگ 20 روپے مہنگی بیچی جارہی ہے۔کالے چنے 15 سے 25 اور سفید چنے کے 20روپے زائد دام وصول کیے جارہے ہیں۔
دال چنا کی سرکاری قیمت 225،دال مسور 250 روپے ،دال ماش دھلی 410 ،دال ماش چھلکا 370 اور سفید چنے کی 330 روپے کلومقرر ہےلیکن اس قیمت پر کوئی فروخت نہیں کررہا۔۔اوپن مارکیٹ میں چینی 165 روپے کلو تک پہنچ گئی۔چاول 430 روپے کلو ہوگئے۔ٹوٹا چاول بھی 300روپے کلو سے تجاوز کرگیا۔
شہریوں کا دہائی دیتے ہوئے کہنا ہے گراں فروش بدترین مہنگائی میں جلتی پر تیل کا کام کررہے ہیں۔ غریب آدمی کیلئے بچوں کا پیٹ بھرنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے ۔