مانیٹرنگ ڈیسک: موٹروے پر سفر کرنے والوں کی حفاظت سے متعلق پولیس نے نئی ہدایات جاری کر دیں۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے بین الاضلاعی سفر کرنے والے مسافروں کی حفاظت کے لیے جاری کر دہ نئے ہدایت نامے کے مطابق بس اڈوں کے انچارجز سے اڈوں اور مسافروں کی تفصیلات اکٹھی کی جائیں گی اور روزانہ مسافروں کی تفصیلات کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا۔ بس اڈوں پر پارکنگ کے قانون کو ہر صورت نافذ العمل بنایا جائے گا اور بس اڈوں کے لیے الگ جگہیں مختص کی جائیں گی۔
ترجمان نے کہا کہ تمام موجودہ بس اڈوں کی جیو ٹیگنگ کے بعد ان کا اندراج جی آئی ایس نظام میں کیا جائے گا اور تمام مسافروں کا ریکارڈ ہوٹل آئی سوفٹ ویئر نظام میں اندراج کیا جائے گا۔ بس اڈوں پر ٹریفک کے انتظامات کی نگرانی سیف سٹی کے ذریعے کی جائے گی۔
واضح رہے کہ نئی ہدایات کا اقدام موٹروے پر حالیہ حادثات اور ان میں سے 18 افراد کی شناخت نہ ہونے پر اٹھایا گیا۔
اس حوالے سے ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا کہنا ہے کہ نئے ہدایت نامے پر ایس ایس پی سی ٹی ڈی، چیف ٹریفک آفیسر، زونل ڈی پی اوز عمل درآمد کروائیں گے۔