سٹی42: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بٹگرام میں چیئر لفٹ میں پھنسے تمام بچوں کو بحفاظت ریسکیو کیے جانے پر اظہار مسرت کیا ہے۔
گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے شہر بٹگرام میں پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ میں پھنسے 8 افراد کو نکالنے کیلئے کئی گھنٹے سے جاری ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا اور تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
ریسکیو 1122 پختونخوا کا کہنا ہے کہ چیئرلفٹ میں پھنسے تمام 8 افراد کو باحفاظت ریسکیو کرلیا گیا ہے اور ریسکیو کیے گئے افراد میں عرفان، نیاز محمد، رضوان، گلفراز، شیر نواز، ابرار، عطا اللہ اور اسامہ شامل ہیں۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بٹگرام میں چیئر لفٹ میں پھنسے تمام بچوں کو بحفاظت ریسکیو کیے جانے پر شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ تمام بچوں کو کامیابی سے اور بحفاظت نکال لیا گیا ہے ۔
انوار الحق کا کہنا تھا کہ فوج، ریسکیو حکام، ضلعی انتظامیہ اور مقامی افراد نے زبردست ٹیم ورک کیا۔
اس کے علاوہ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے پر سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ واقعہ سبق بھی ہے کہ ایسے علاقوں میں بچوں کی تعلیم اور انفرا اسٹرکچر کی ترقی پر توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن میں کئی طرح کی دقتیں حائل تھیں،جس پیشہ ورانہ مہارت اور جذبے سے تمام کوشش ہوئی، وہ ایک قابلِ فخر اور قابلِ رشک مثال ہے ۔
چیئر لفٹ میں پھنسنے کا واقعہ
پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ کی دونوں رسیاں یکے بعد دیگرے ٹوٹ گئی تھیں جس کے نتیجے میں اسکول کے 6 بچوں سمیت 8 افراد 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئے، بچے صبح 7 بجے کے وقت چیئرلفٹ کے ذریعے اپنے اسکول جارہے تھے کہ لفٹ کی تین میں سے دو رسیاں ٹوٹنے سے چیئرلفٹ تقریباً 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئی۔