ویب ڈیسک: دنیا بھر میں اس وقت بے چینی پھیل گئی جب ویڈیو کانفرنسنگ کی عالمی ایپ زوم پرہونے والی تمام اہم کاروباری تجارتی اور سرکاری میٹنگز تعطل کا شکار ہوگئیں کیونکہ ایک دم سے ویڈیو نظرآنا بند ہوگئی تھی ۔
دنیا بھر میں آن لائن صارفین کی ایک بڑی تعداد بیک وقت یا تو اپنے کمپیوٹرزاور وائی فائی میں نقص تلاش کرتی رہی تاہم زوم پر رابطہ کرنے پر معلوم ہوا مسئلہ فون یا انٹرنیٹ کنکشن میں نہیں بلکہ ویڈیو کانفرنسنگ ایپ میں ہے۔ برطانوی وقت صبح ساڑھے آٹھ بجے پیدا ہونے وا لا نقص دو گھنٹوں تک جاری رہا ۔ یہی وہ وقت ہے جب اہم ترین آن لائن میٹنگز جاری ہوتی ہیں اور ورک فرام ہوم کے حوالےسے پیچیدہ اور اہم ترین مسائل کا حل ڈھونڈا جارہا ہوتا ہے۔ 60 فیصد صارفین کا کہنا تھا کہ انہیں ویڈیو نہیں نظر آرہی جبکہ 30 فیصد صارفین نے کہا کہ وہ آن لائن میٹنگ سٹارٹ کر ہی نہیں سکے ۔10 فیصد کو لاگ ان ہونے میں دشواریاں تھیں۔اس موقع پر زوم نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بیان جاری کیا جس میں کہا گیا تھا کچھ لوگوں کو ہماری ایپس پر پیغامات، تصاویر، ویڈیوز اور دیگر فائلز بھیجنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ہم اس دقّت کے لیے معذرت خواہ ہیں اور ہم جلد از جلد چیزوں کو معمول کے مطابق کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دو گھنٹوں کے بعداگرچہ سروسز بحال کی جا چکی ہیں تاہم اس کی وجہ کے بارے میں تاحال کچھ نہیں بتایا گیا۔