محرم الحرام کے انتظامات حوالے ڈپٹی کمشنر کا بڑا دعویٰ

23 Aug, 2020 | 09:52 PM

Arslan Sheikh

( راؤ دلشاد حسین ) ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال نے محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا، چیف کارپوریشن آفیسرعلی عباس بخاری اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی تبریز مری نے انتظامات پر بریفنگ دی، ڈی سی لاہور نے پیچ ورکس، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر انتظامات کو قبل از وقت مکمل کرنے کا دعویٰ بھی کردیا۔

محرم الحرام کی مناسبت سے ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال نے رکن اسمبلی ملک سرفراز کھوکھر، چیف کارپوریشن آفیسر سید علی عباس بخاری اور اے سی سٹی تبریز مری کے ہمراہ ٹھوکر نیاز بیگ امام بارگاہ ایوان حیدر کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ پانڈو اسٹریٹ اور اندرون شہر نثار حویلی سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوسوں کے روٹس کا بھی دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے جلوس و مجالس کے منتظمین اور آرگنائزر سے ملاقات بھی کی اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔

ڈی سی لاہور نے جلوس کے روٹ پر متعلقہ افسران کو رہ جانے والے کام کو جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پیچ ورک، لائٹنگ، سلیب ورک، لٹکتی ہوئی تاروں اور تجاوزات جیسے مسائل کو روٹ سے ختم کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بارش کے باعث انتظامات کرنے میں مختلف مقامات پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن ضلعی انتظامیہ محرم الحرام میں سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔ جلوس و مجالس منتظمین نے بھی ڈپٹی کمشنر لاہور کو امن و امان قائم کرنے کے حوالے سے یقین دہانی کروائی۔

مزیدخبریں