محرم الحرام کے جلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے مرکزی کنٹرول روم قائم

23 Aug, 2020 | 10:06 AM

Sughra Afzal

لوئرمال (راؤ دلشاد) محرم الحرام کے جلوسوں کی نگرانی کیلئے مرکزی کنٹرول روم قائم، قائم مقام کمشنر وڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال نے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اورانتظامات کا جائزہ لیا، ضلعی افسروں نے کنٹرول روم کی مانیٹرنگ پر ڈپٹی کمشنرلاہور کو بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنردانش افضال نے کہاکہ کنٹرول روم میں پولیس، ضلعی انتظامیہ، میڈیکل اور سول ڈیفنس کے کاؤنٹرز بنائے گئے ہیں، شہر کے5 مرکزی جلوسوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ مرکزی جلوسوں میں اندرون شہرنثار حویلی، اسلام پورہ پانڈوسٹریٹ، ماڈل ٹاؤن، شادمان اور ٹھوکر نیاز بیگ شامل ہیں، جلوسوں کی نگرانی کے لیے 399 سے زائد کیمرے فعال کردیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عاشورہ کا مرکزی روایتی جلوس نویں محرم کی رات گیارہ بجے نثارحویلی سے برآمد ہوگا، نثارحویلی سے برآمد ہونیوالا مرکزی جلوس دسویں محرم کی شام بعد ازمغرب اختتام پذیر ہوگا، دوسرامرکزی جلوس دسویں محرم کو دن بارہ بجے145 اے ماڈل ٹاؤن سے برآمد ہوگا، یہ جلوس نوازشریف پارک ماڈل ٹاؤن پہنچ کراختتام پذیر ہوگا، تیسرامرکزی جلوس نویں محرم پانڈو سٹریٹ اسلامپورہ سے برآمد ہوگا، یہ جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا خیمہ سادات سے واپس پانڈو سٹریٹ پہنچ کر رات 12 بجے ختم ہوگا،  چوتھا مرکزی جلوس نویں محرم کو 276 شادمان سے برآمدہوگا، جوشام 4بجے اختتام پذیر ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پانچواں مرکزی جلوس نویں محرم کو امام بار گاہ ایوان علی اکبر ٹھوکر نیاز بیگ  سے برآمد ہوگا، یہ جلوس دربار کربلا قبرستان نیازبیگ گاؤں پہنچ کر شام  6 بجے ختم ہوگا، ضلعی انتظامیہ کے مطابق جلوسوں کے روٹس پر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔ جلوسوں کے روٹس پر399 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ کنٹرول روم میں قانون نافذ کرنے والے ادارے، پولیس، ایم سی ایل، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، ایدھی، واپڈا، واسا، سوئی گیس سمیت دیگرالائیڈ محکموں کا سٹاف تعینات کیا گیا ہے، محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں پر خاردار تار، واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گے

مزیدخبریں