اپٹما انتخابات میں گوہر اعجاز گروپ کا کلین سویپ

23 Aug, 2020 | 09:52 AM

Sughra Afzal

شادمان (حسن علی) گوہر اعجاز گروپ کی آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن میں گیارویں سال بھی حکمرانی برقرار، اپٹما کے سالانہ انتخابات برائے سال2020-21ء میں گوہر اعجاز گروپ کے تمام امیدواروں بلامقابلہ منتخب ہو گئے۔

اپٹما الیکشن میں ایک بارپھر گوہر اعجاز گروپ کے امیدواران نے بلا مقابلہ میدان مار لیا، اپٹما ہاؤس میں نو منتخب عہدیداروں کا اعلان کیا گیا، جس کے مطابق عادل بشیر سال 2020-21 کیلئے اپٹما کے مرکزی چیئرمین منتخب ہو گئے جبکہ عبدالرحیم ناصر اپٹما پنجاب کے چیئرمین ہونگے۔

 نو منتخب عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گروپ لیڈر گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ جلد نئے عہدیداروں کیساتھ وزیر اعظم سے ملاقات کرینگے، گوہر اعجاز نے جہاں ٹیکسٹائل سیکٹر میں نئی سرمایہ کاری کی نوید سنائی وہیں حکومت سے 5 سالہ ٹیکسٹائل پالیسی کا مطالبہ بھی کردیا۔

 گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ 100 بند یونٹس میں 30 یونٹس پر گورنر سٹیٹ بینک سے بات ہوئی ہے، 30 یونٹس 90 روز میں فعال ہوجائیں گے، جس سے ایک ارب ڈالر تک ایکسپورٹ میں اضافہ متوقع ہے۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ ری فنڈ کا عمل 6 ماہ میں مکمل ہوتا ہے مگر اس پر بھی اعتراض نہیں اگر تسلسل سے ملتے رہیں، اگر کام کرنے دیا جائے تو ٹیکسٹائل ایکسپورٹ 15 ارب ڈالر سے 150 ارب ڈالر تک لے جائیں گے، جس سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہونگے۔

اپٹما کے نو منتخب مرکزی چیئرمین عادل بشیر کا کہنا تھا کہ حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے کورونا کے دوران صنعتوں کو سہارا دیا تاہم ٹیکسٹائل پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے اور اسے فوری طور پر لاگو کرونا ہوگا۔

اپٹما پنجاب زون کے نو منتخب چیئرمین عبدالرحیم ناصر کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹر ی کے فروغ کیلئے کام کریں گے ۔امید ہے جلد ہی کا بینہ ٹیکسٹائل کی صنعت کو توانائی کے ٹیرف کے حوالے سے جلد فیصلہ ہوجائے گا۔

اپٹما کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ یہ سال ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے بہت اچھا ہوگا تاہم حکومت اپنی پالیسیاں ایکسپورٹس کی بڑھوتی کو مد نظر رکھتے ہوئے بنائے۔

مزیدخبریں