( زاہد چودھری ) پی آئی سی کو کارڈیک سٹنٹس کی کمی کا سامنا، گزشتہ مالی سال میں خریدا گیا سٹنٹس کا کوٹہ اور اضافی سٹنٹس ختم، دیگر ہسپتالوں سے 1 ہزار 215 کارڈیک سٹنٹس ادھار لے لیے گئے۔
پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں امراض قلب کے مریضوں کے علاج کیلئے کارڈیک سٹنٹس کی قلت کا سامنا ہے۔ پی آئی سی کی جانب سے گزشتہ مالی سال میں خریدے گئے کارڈیک سٹنٹس ختم ہونے کے بعد مزید پندرہ فیصد کوٹہ بھی پیپرا رولز کے تحت خرید کر استعمال کر لیا گیا ہے۔ پی آئی سی میں مریضوں کے رش کی وجہ سے مزید کارڈیک سٹنٹس کی ضرورت پوری کرنے کیلئے اب دیگر کارڈیک انسٹی ٹیوشنز سے بھی 1215 کارڈیک سٹنٹس ادھار لئے گئے ہیں۔
پی آئی سی انتظامیہ نے میو ہسپتال، جناح ہسپتال، ایف آئی سی، ایم آئی سی اور بہاول وکٹوریہ ہسپتال سے اضافی کوٹہ ادھار حاصل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں مالی سال میں بھی کارڈیک سٹنٹس کی سنٹرل پرچیز کا عمل سست روی سے دوچار ہے اور بروقت کارڈیک سٹنٹس نہ خریدنے کی صورت میں ڈیڑھ ماہ بعد سٹنٹس کی قلت مزید کا خدشہ ہے۔