ملک اشرف: میرٹ پر پورا اترنے کے باوجود امیدواروں کو پولیس کانسٹیبل بھرتی نہ کرنے کا معاملہ، لاہور ہائیکورٹ نے ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کودرخواست گزاروں کو سن کر فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس جواد حسن نے دانش مجید سمیت دیگرکی درخواست پرسماعت کی، درخواست گزاروں کی جانب سے عظیم اکرم ایڈووکیٹ اورپنجاب حکومت کی طرف سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پیش ہوئے، درخواست گزاروں کے وکلاء نے موقف اختیار کیا تھا کہ اگست 2018 میں پولیس کانسٹیبل کی بھرتی کے لیے درخواستیں طلب کی گئیں۔
لاہور سے تعلق رکھنے والے امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں میرٹ پر پورا اترنے کے باوجود کانسٹیبل بھرتی نہیں کیا گیا، ڈومیسائل کی تصدیق نہ ہونے کو جواز بنا کر تقرر نامے جاری نہیں کیے گئے۔ متعلقہ تھانے اور سپیشل برانچ ان امیداروں کی رہائش گاہوں بارے تصدیق کرچکے ہیں، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرزکو ڈومیسائل کے لیے دوبارہ درخواستیں دیں، ضلع کے دوبارہ ڈومیسائل بن چکے ہیں لیکن اس کے باوجود درخواست گزاروں کے پولیس کانسٹیبل کی بھرتی کے تقررنامے جاری نہیں کیےجا رہے۔
درخواست گزاروں نے استدعا کی کہ عدالت میرٹ پر پورا اترنے کے باعث پولیس کانسٹیبل کی آسامی پر بھرتی کا حکم دے، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ امیدواروں کے ڈومیسائل کی تصدیق کے لیے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو مراسلہ بھیجا ہے ابھی تک متعلقہ حکام کی جانب سےڈومیسائل کی تصدیق نہیں ہوئی۔
اگست دوہزار اٹھارہ کے کسی امیدوار کی بھرتی کے تقرر نامے جاری نہیں کیے، عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کو درخواست گزاروں کو سن کر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔