معروف ایکٹرس اداکاری چھوڑ کر ویٹریس بن گئی

23 Apr, 2025 | 06:36 PM

ویب ڈیسک : معروف اداکارہ نے اداکاری چھوڑ کر ویٹرس  کا شعبہ اختیار کر لیا 

ویسے تو اکثر افراد شوبز کی دنیا میں کامیابی کے لیے ہمیشہ اس کا حصہ بنے رہنا چاہتے ہیں۔مگر ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے ایک اداکارہ نے اس گلیمرس دنیا کو چھوڑ کر چین میں ویٹریس کے کام کو اپنا لیا۔ٹی وی میں کام کرنے والی اداکارہ میگی یو میاؤ نے 2023 میں شوبز کو خیرباد کہہ کرکے ایک ریسٹورنٹ میں کام شروع کر دیا تھا۔سابق اداکارہ چین کے علاقے Dongguan میں ویٹریس کے طور پر کام کر رہی ہیں اور وہ اکثر سوشل میڈیا پر اس بارے میں بات کرتی ہیں۔ایک حالیہ پوسٹ میں 37 سالہ اداکارہ کو تربوز کاٹتے ہوئے دکھایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ وہ روزانہ 30 تربوز کاٹ کر 150 یوآن کما لیتی ہیں جبکہ اس سے قبل میزیں ٹھیک کرنے پر انہیں روزانہ 180 یوآن ملتے تھے۔

انہیں کچھ دن قبل ایک فلم میں کام کی پیشکش بھی کی گئی تھی جس کے لیے روزانہ 500 یوآن معاوضہ ملنا تھا۔مگر انہوں نے اس پیشکش کو ٹھکرا دیا۔

انہوں نے اداکاری چھوڑنے کی وجہ بھی بتائی جو کافی حیرت انگیز ہے۔انہیں معمول کی ملازمت میں موجود یکسانیت اور استحکام پسند ہے اور ان کے خیال میں موجودہ زندگی زیادہ آسان ہے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ آخر وہ دوبارہ اداکاری کیوں نہیں کرنا چاہتیں تو ان کا کہنا تھا کہ نئی زندگی کا ہر دن اطمینان بخش ہے جبکہ روزانہ آمدنی بھی ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اداکاری میں زندگی غیر یقینی محسوس ہوتی ہے کیونکہ کئی بار 6 ماہ یا ایک سال تک بس ایک ہی رول ملتا ہے جبکہ یہاں ویٹریس کے طور پر محسوس ہوتا ہے کہ محنت کا صلہ مل رہا ہے۔انہوں نے 2012 میں ہانگ کانگ میں اداکارہ کے طور پر کام کرنا شروع کیا تھا اور کئی ہٹ ٹی وی شوز میں جلوہ گر ہوئیں۔

مزیدخبریں