سٹی42:مناواں کے علاقے میں مزدوری کرنے والے نوجوان پر چھٹی کرنے پر مبینہ طور پر مالکان نے بہیمانہ تشدد کا نشانا بنا ڈالا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق نوجوان مزدور آفتاب نے ایک سٹیل مل سے چھٹی لے کر دوسری مل میں کام کیا، جس پر مل مالک عمر نے تین نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ ویڈیو میں واضح طور پر نوجوان پر کیے جانے والے پرتشدد مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔
متاثرہ نوجوان آفتاب کے اہلخانہ کے مطابق تشدد اس قدر شدید تھا کہ آفتاب کو طبی امداد کی ضرورت پیش آئی۔ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پولیس حرکت میں آ گئی اور آفتاب کی مدعیت میں ملزم عمر اور تین نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایس پی کینٹ کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے کر مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔