ویب ڈیسک: معروف ترک ڈیجیٹل کریئیٹر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ترکان آتائے کے پاکستانی فیشن ڈیزائنر ماریہ بی کیخلاف سنگین الزامات عائد کرنے کے بعد ماریہ بی کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔
ماریہ بی نے وضاحت دیتے ہوئے ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ہمارا برانڈ ماریہ بی ہمیشہ سے کریئیٹرز، ماڈلز اور انفلوئنسرز کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ہم شفافیت، دیانتداری اور باہمی احترام پر یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 25 سالوں کے دوران ہم نے سینکڑوں انفلوئنسرز کے ساتھ کامیاب کولیبریشن کیا ہے اور ہمیشہ بروقت ادائیگیاں کی ہیں۔ حال ہی میں ایک کانٹینٹ کریئیٹر (ترکان آتائے) کے معاملے میں ایک غلط فہمی ہوئی اور ہم نے معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے ملاقات کا وقت بھی طے کیا اور ادائیگی سے ہرگز انکار نہیں کیا لیکن انہوں نے حل کی کوشش کے بجائے ہمیں بدنام کرنے کیلئے ویڈیو بنا دی، ہم اس غلط فہمی پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔
بیان کے آخر میں اُن کا کہنا تھا کہ ہم کرِیئیٹو کمیونٹی کو سپورٹ کرنے اور اپنے تمام کولیبریٹرز کے ساتھ باعزت اور شفاف تعلقات استوار کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
یاد رہے کہ معروف ترک ڈیجیٹل کریئیٹر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ترکان آتائے نے پاکستانی فیشن ڈیزائنر ماریہ بی کے خلاف سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ماریہ بی نے ان کے ساتھ پیشہ ورانہ بددیانتی کی اور ان کی خدمات کا مکمل معاوضہ ادا نہیں کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اب 3 ماہ ہو چکے ہیں اور وہ میرا وقت ضائع کر رہے ہیں، مجھے بےوقوف بنا رہے ہیں، یہ میرے پیسے ہیں، اور مجھے پورا حق ہے کہ میں ان سے جو چاہوں کروں، میں دوبارہ کبھی ان کے ساتھ کام نہیں کروں گی، ان کا رویہ نہایت غیر پیشہ ورانہ ہے۔
ترکان نے انسٹاگرام پر مزید انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ ماریہ بی نے میرے خلاف اسٹوریز شیئر کیں لیکن ماریہ باجی! آپکی آواز بہت اونچی ہے، میں سب سُن رہی ہوں، میرے پاس ہماری پوری چیٹ کے ثبوت موجود ہیں۔